Official Web

آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے لیے پولنگ ختم، ووٹوں کی گنتی جاری

مظفر آباد: آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل ختم ہوگیا ہے جس کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی 45 نشستوں پر انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا اور شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔

آزاد جموں و کشمیر کے 45 حلقوں میں ووٹرز کی کل تعداد 32 لاکھ  28 ہزار 99 ہے۔ جن کے لئے آزاد کشمیر اور پاکستان میں 6 ہزار 114 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں، پولنگ کے موقع پر آزاد کشمیر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے، 40 ہزار پولیس اہلکار الیکشن ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں جب کہ حساس پولنگ اسٹیشنز پر فوج تعینات کی گئی ہے۔ آزاد کشمیر میں انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے لیے پریذائیڈنگ آفیسرز سمیت 250 افسران کو مجسٹریٹ کے برابر اختیارات دیئے گئے تھے۔

سیاسی کارکنوں میں تصادم

آزاد کشمیر اور پاکستان کے مختلف علاقوں میں پولنگ کے دوران سیاسی کارکنوں میں تصادم کے واقعات بھی رونما ہوئے، کوٹلی میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوئے، اس کے علاوہ مظفر آباد، ہٹیاں بالا اور باغ سمیت گوجرانوالہ ، کراچی اور پشاور میں بھی سیاسی گرما گرمی دیکھی گئی۔

’اس بار آر ٹی ایس نہیں بیٹھے گا ‘

میر پور آزاد کشمیر میں انتخابی عمل کے جائزے کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر عبدالرشید سلہریا نے کہا کہ الیکشن کے تمام انتظامات سے مطمئن ہیں، اس بار آر ٹی ایس نہیں بیٹھے گا، کوئی کسی کے ماتحت نہیں ہوتا، سب قانون کے تابع ہیں، امن وامان قائم کرنا انتظامیہ کا کام ہے۔

عبدالرشید سلہریا نے کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی متعدد خلاف ورزیاں ہوئی ہیں،سیاسی جماعتوں اور امیدواروں نے بھی متعدد شکایات کی ہیں، ان خلاف ورزیوں پر قانون کے مطابق کارروائی کررہے ہیں، انتخابات کے دوران ہونے والے ناخوشگوار واقعات ہمیشہ ہوتے ہیں، لیکن کوٹلی کا واقعہ افسوسناک ہے، اس میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔