Official Web

ڈزنی نے ٹوئنٹی فرسٹ سنچری فوکس کے اثاثے خرید لیے

نیویارک: ہالی ووڈ کے معروف ادارے ٹوئنٹی فرسٹ فوکس سینچری نے اپنے اثاثوں کا بڑا حصہ میڈیا انٹرٹینمنٹ کمپنی والٹ ڈزنی کو 52.4 ارب ڈالر میں فروخت کردیا جس میں نیشنل جیوگرافک چینل اور فلم اسٹار وار بھی شامل ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کے مطابق میڈیا انٹرٹینمنٹ کے دو معروف اداروں والٹ ڈزنی اور 21 سینچری فوکس انٹرٹینمنٹ کے درمیان ایک معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت ٹوئنٹی فرسٹ سنچری فوکس اپنے اثاثوں کا بڑا حصہ 52.4 ارب ڈالر میں والٹ ڈزنی کو فروخت کردیا جس کے بعد ٹوئنٹی فرسٹ سنچری فوکس میں اصلاحات لائی جائیں گی تاکہ انٹرٹینمنٹ ادارے نیٹ فلیکس سمیت دیگر میڈیا فرمز کے لیے چیلنجنگ ماحول پیدا کیا جاسکے۔

یہ معاہدہ ڈزنی کے چیف ایگزیکٹو باب اگیر اور فوکس گروپ کے مالک 86 سالہ روپرٹ مرڈوک کے درمیان طے پایا ہے، میڈیا انٹرٹینمنٹ کی انڈسٹری میں ہونے والا یہ بہت بڑا معاہدہ ہے، اگر 52.4 ارب ڈالر کی رقم کو پاکستانی روپوں میں منتقل کیا جائے تو یہ رقم 57 کھرب 9 ارب 59 کروڑ 48 لاکھ  روپے بنتی ہے۔

اس ڈیل میں سیٹلائٹ براڈ کاسٹر اسکائی کے 39 فیصد شیئرز ، 20thسینچری فوکس فلم اسٹوڈیو سمیت فوکس گروپ کے متعدد ٹیلی ویژن یعنی  نیشنل جیوگرافک چینل، فوکس ٹیلی ویژن، فوکس نیٹ ورک، فوکس انٹرنیشنل اور دیگر شامل ہیں۔

ٹوئنٹی سنچری فوکس کے تحت بنائی گئی بلاک بسٹر فلمیں اور ٹی وی سیریز بھی اب ڈزنی کی ہوگئی ہیں جن میں ہالی ووڈ کی معروف ترین فلم اسٹار  وار سیریز،  مارویل سپر ہیروز کی فلمیں، اوٹار، ڈیڈ پول، کئی ٹی وی سیریز اور سیمپسن کارٹون فلم شامل ہیں، فوکس گروپ کے پاس اب فوکس بزنس نیٹ ورک، فوکس نیوز  چینل اور فوکس اسپورٹس میڈیا گروپ رہ جائیں گے۔

خیال رہے کہ فوکس گروپ کے بانی مرڈوک کو 21 برس کی عمر میں اس کے والد کی جانب سے ایک اخبار ملا تھا جس کے بعد مرڈوک نے اسے دنیا کے سب سے بڑے نیوز اور فلم ایمپائر میں بدل دیا۔

%d bloggers like this: