Official Web

بجلی بنانے والا ننھا منا ٹربائن جو بیگ میں سما جائے

وکٹوریا، کینیڈا: آج کے جدید دور میں ہمیں کم ازکم اپنے اسمارٹ فون کے لیے ہمہ وقت بجلی درکار ہوتی ہے۔ اب دنیا کا سب سے چھوٹا ہوائی ٹربائن بنایا گیا ہے جس کا وزن صرف تین پونڈ ہے اور وہ 8 سے 28 میل فی گھنٹے ہوا سے گھوم کر بجلی تیار کرسکتا ہے۔

اسے بیگ میں رکھنے اور کھول کر تیار کرنے میں دو سے تین منٹ لگتے ہیں۔ حیرت انگیز طور پر اسے کراؤڈ فنڈنگ پر برق رفتاری سے رقم مل رہی ہے جو اس کے ڈیزائن اور قابلِ اعتبار ہونے کا ایک ثبوت بھی ہے۔ اس ونڈ ٹربائن کو ’شائن‘ کا نام دیا گیا ہے اور اسے ماحول دوست اور مؤثر ہوائی چارجر بھی کہا جاسکتا ہے۔

اگر آپ پہاڑوں پر جارہے ہیں، سمندر کنارے ہیں یا کسی میدان میں ہیں، شائن معمولی تیز ہوا سے بھی بجلی بناسکتا ہے جو آپ کی ضروریات کے لیے کافی ہوتی ہے۔ مجموعی طور پر یہ 40 واٹ کا ٹربائن ہے اور اس میں 12000 ایم اے ایچ کی مضبوط بیٹری نصب ہے جو اسمارٹ فون، کیمروں، روشنیوں اور دیگر چھوٹے آلات کو چلاسکتی ہے۔
اس لیے یہ ٹربائن آؤٹ ڈور سفر کرنے والے سیاحوں، مددگار عملے یا فوٹو گرافروں کے لیے بہت مفید ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پوری طرح گھومتے ہوئے اس سے کوئی خاص شور نہیں ہوتا اور صرف 50 ڈیسی بیل آواز پیدا ہوتی ہے۔

اس کا خصوصی ڈیزائن ہر طرح کے موسمیاتی اثرات کو برداشت کرسکتا ہے۔ اس کی وجہ سے شائن کو برسہا برس چلایا جاسکتا ہے۔ اگر کسی جگہ درجہ حرارت 40 درجے سینٹی گریڈ بھی ہو تب بھی اس کا برقی نظام اور ڈیزائن قائم رہتا ہے۔

اپنے چھوٹے ڈیزائن کے باوجود یہ مؤثر انداز میں بجلی بناتا ہے اور یو ایس بی سے اشیا کو چارج کیا جاسکتا ہے۔

%d bloggers like this: