Official Web

طویل عرصے بعد ملک معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے: فواد چودھری

اسلام آباد:  فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام معاشی اعشاریے مثبت ہیں، طویل عرصے بعد ملک معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ چاہتے ہیں اپوزیشن احتساب کو اصلاحات سے علیحدہ دیکھے، انتخابی اور عدالتی اصلاحات پر بات چیت ہونی چاہیے۔

معاون خصوصی شہباز گل نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ تاریخ کے بدترین خساروں کے ساتھ حکومت سنبھالنے کے بعد عمران خان نے معیشت کو ٹھیک کرنے کا بیڑہ اٹھایا، آج بین الاقوامی ادارے پاکستان کی معیشت درست سمت میں آگے بڑھنے کی گواہی دے رہے ہیں، اس بجٹ کا محور عام آدمی کی زندگی میں آسانی پیدا کرنے کے اقدامات ہوں گے۔

ادھر سینیٹر فیصل جاوید کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا بل قومی اسمبلی سے منظور ہونا خوش آئند ہے، یہ ہمارے اور سیز کا حق ہے، اپوزیشن کی بل کی مخالفت سے یہ آشکار ہے کہ وہ صرف ذاتی مفاد کی قانون سازی چاہتے ہیں، اپوزیشن عوامی قانون سازی پر بارگین چاہتی ہے۔

فیصل جاوید نے مزید کہا کہ اوور سیز ووٹنگ کا بل سینیٹ سے بھی منظور ہو جائیگا، اپوزیشن جماعتوں نے اپنے ادوار میں صرف اپنا ہی سوچا، ماضی میں بیرون ملک محب وطن پاکستانیوں کو اپنا سرمایہ نہیں سمجھا گیا، عمران خان جو کہتے ہیں وہ کر کے دکھاتے ہیں۔