Official Web

پیپلزپارٹی سلیکٹڈ حکومت کے سلیکٹڈ بجٹ کو ماننے سے انکار کرتی ہے: بلاول بھٹو

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ قومی خزانے پر ڈاکہ مارنے والے عمران خان اور ان کے ساتھیوں کو ملک سے بھاگنے نہیں دیا جائے گا۔

اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کا بجٹ عوامی نہیں بلکہ سیاسی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی سلیکٹڈ حکومت کے سلیکٹڈ بجٹ کو ماننے سے انکارکرتی ہے۔ عران خان کی حکومت نے صرف شرح سود میں ردوبدل کرکے قومی خزانے کوایک ہزار ارب روپے تک کا نقصان پہنچایا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عمران خان نے مخصوص سرمایہ داروں کے دوارب ڈالر بیرون ملک سے منگوائے اورشرح سود 13.25 فیصد مقرر کرکے اپنے دوستوں کو فائدہ پہنچا کرپیسے واپس کردئیے، عمران خان بتائیں کہ یہ دو ارب ڈالر کن سرمایہ دار دوستوں کے تھے کہ جن کو فائدہ پہنچانے کے لئے قومی خزانے کو 300 ارب روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔
بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ پاکستان انوسٹمنٹ بونڈ کے 700 ارب روپے اور دو ارب ڈالر پر 300 ارب روپے اورمجموعی طور پر ایک ہزار ارب روپے کی عمران خان کی چوری پکڑی گئی ہے۔ پی ٹی آئی حکومت کی اس میگا کرپشن پر پارلیمانی انکوائری کی جائے، قومی خزانے پر ڈاکہ مارنے والے عمران خان اور ان کے ساتھیوں کو ملک سے بھاگنے نہیں دیا جائے گا، پاکستان پیپلزپارٹی اس میگا کرپشن اسکینڈل کے ایک ایک روپے کا عمران خان سے حساب لے گی۔