Official Web

اپنا آپ اور شکل پسند نہیں: ایمان علی

معروف ماڈل اور اداکارہ ایمان علی کا کہنا ہے کہ انہیں اپنا آپ اور اپنی شکل اچھی نہیں لگتی۔

ایمان علی حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں جلوہ گر ہوئیں جس میں انہوں نے اپنے بارے میں کچھ باتیں مداحوں کے ساتھ شیئر کیں۔

میزبان کے سوال پر اداکارہ نے انکشاف کیا کہ مجھے اپنا آپ بالکل پسند نہیں، اپنے چہرے کے خدوخال اچھے نہیں لگتے، لوگ مجھے کہتے ہیں کہ آپ بہت خوبصورت ہیں لیکن جب میں شیشے کے سامنے جاتی ہوں تو سوچتی ہوں یہ جھوٹ بول رہے تھے جب کہ کچھ لوگ تو یہ بھی کہہ رہے ہوتے ہیں کہ تم جھوٹ بول رہی ہو تمہیں اپنا آپ پسند ہے لیکن درحقیقت ایسا نہیں ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ میں اپنی تصویر کھینچ ہی نہیں پاتی، کیمرہ کسی بھی زاویے سے تصویر اچھی نہیں دکھا رہا ہوتا، مجھے میری شکل ہی اچھی نہیں لگ رہی ہوتی تو تصویر کیا لوں گی اور کب لگاؤں گی؟

ایمان کا کہنا تھا کہ یہی وجہ ہے کہ میں سوشل میڈیا پر اپنی بہت کم تصویریں پوسٹ کرتی ہوں، کئی بار دوستوں کے کہنے پر پوسٹ کردیتی ہوں۔

خیال رہے ایمان علی اب تک پاکستان کی سپر ہٹ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھاچکی ہیں جن میں خدا کے لیے، بول اور ماہِ میر شامل ہیں۔