Official Web

پی ایس ایل میچز کا کل سے آغاز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز مدمقابل ہوں گے

لاہور: پی ایس ایل میچز کا کل سے آغاز ہو گا، ابوظہبی اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، زندہ دلان کی ٹیم کے کپتان نے ایونٹ میں فاتحانہ انٹری ڈالنے کا عزم ظاہر کر دیا۔

طویل انتطار کے بعد کرکٹ کی بہار آنے کا وقت آن پہنچا، کھلاڑی ہی نہیں پرستار بھی بے قرار ہو گئے، شیخ زید اسٹیڈیم ابوظہبی میں کرکٹ میلہ، پی ایس ایل میچز کا انتظار ختم، چھکے چوکوں کی بہار شروع ہونے کو ہے۔ لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا آمنا سامنا رات 9 بجے ہو گا۔ میدان بغیر تماشائیوں کے سجے گا،
تیاریاں مکمل، پلان بھی فائنل ہو گئے۔

دو بار کی چیمپئن اسلا م آباد یونائیٹڈ کو نفسیاتی برتری حاصل ہے، آخری پانچ میچز میں فتح سے مورال بھی ہائی ہے۔ کپتان شاداب خان کو حسن علی پر مان ہے تو الیکس ہیلز بھی ٹیم کی جان ہوں گے۔

لاہور قلندرز دوبارہ انٹری کو یادگار بنانے کے لیے پرعزم ہے، کپتان سہیل اختر بھی پرجوش ہیں۔ فخر زمان ٹیم کا فخر ہیں تو محمد حفیظ بھی جادوئی پرفارمنس دینے کے منتظر ہیں۔ شاہین آفریدی تیکھی بولنگ کرائیں گے، راشد خان تگنی کا ناچ نچائیں گے۔

دس جون کو دو میچ شیڈول ہیں، کراچی کنگز کا ملتان سلطانز سے ٹاکرا ہوگا اور لاہور قلندرز کا پشاور زلمی سے مقابلہ ہوگا۔