Official Web

دانتوں کی صفائی ضروری ہے… لیکن کب؟

کیلفورنیا: دانتوں کی صفائی کا بہتر وقت کون سا ہے؟ یہ ایک عام سوال ہے جو ہر فرد کے ذہنوں میں موجود ہوتا ہے، کچھ لوگوں کے خیال میں بہتر وقت کھانے، ناشتے سے پہلے ہے۔ کچھ لوگوں کے نزدیک سب سے بہتر وقت کچھ کھانے پینے کے بعد کا ہے۔

لیکن دانتوں کی صفائی کا بہتر وقت اس بات پر منحصر ہے کہ آپ نے کھانے یا ناشتے میں کیا غذا استعمال کی ہے۔

دانتوں کے ڈاکٹرعموماً دن میں دو بار برش کرنے کا مشورہ دیتے ہیں: ایک بار صبح اور ایک بار شام۔ لیکن چاہے آپ اپنے دانتوں کو ناشتے کے بعد برش کریں یا ناشتے سے پہلے، آپ کے دانتوں کی سفیدی اور چمک کا تعلق اس سے نہیں بلکہ اس بات سے ہے کہ آپ نے اپنے دن کے ابتدائی چند گھنٹوں میں کیا کھایا ہے۔
امریکی ریاست کیلیفورنیا کی ڈینٹسٹ میڈیسن کیپلین کا کہنا ہے کہ وہ عموماً اپنے مریضوں کو ناشتے کے بعد برش کرنے کا مشورہ دیتی ہیں؛ اور یہ دانتوں پر دھبوں کا سبب بننے والی مائع اور ٹھوس غذاؤں کو صاف کرنے کا بہتر طریقہ ہے۔ ناشتے سے پہلے دانتوں کی صفائی کرنے کے بجائے بعد میں برش کرنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ نے اپنے منہ میں موجود بیکٹیریا کو دانتوں کی حفاظتی تہہ کو گلانے کےلیے کم سے کم وقت دیا ہے۔

لیکن ہر وقت کھانے کے بعد برش کرنا بھی درست نہیں۔ اگر آپ نے ناشتے میں تیزابی خصوصیات رکھنے والی غذا اور مشروبات استعمال کیے ہیں تو پھر ناشتے سے پہلے برش کرنا زیادہ بہتر ثابت ہوگا۔ کیوں کہ مالٹے جیسے ترش پھلوں یا اس جیسی تیزابی غذاؤں کے بعد برش کرنے سے آپ کے دانتوں کی حفاظتی تہہ (انیمل) کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ امریکا کی ڈینٹل ایسوسی ایشن تیزابی غذاؤں کے استعمال کے ایک گھنٹے بعد برش کرنے کی تجویز دیتی ہے۔ لیکن اگر آپ کے پاس ایک گھنٹے کا وقت نہیں تو پھر آپ پانی سے کلی کرکے غذائی اجزاء کو صاف کرسکتے ہیں۔

امریکن ڈینٹل ایسوسی ایشن کے مطابق کافی یا مالٹے کا جوس پینے کے فوراً بعد برش کرنے سے برش کے ریشے تیزاب کو انیمل پر رگڑتے ہیں جس سے دانتوں کی حفاظتی تہہ کمزور ہوجاتی ہے اور دانتوں کے ساختی ڈھانچہ کمزور ہوجاتا ہے۔ لہذا تیزابی کھانوں کے بعد برش کرنے کے بجائے پانی سے کلی کرکے غذائی اجزاء کو فلاس (خلال) کی مدد سے صاف کیا جاسکتا ہے۔

نوٹ: اس مضمون میں معلومات صرف مفاد عامہ کےتحت شائع کی گئی ہیں۔ کسی بھی طبی مشاورت کےلیے ہمیشہ اپنے معالج سے رجوع کیجیے۔