Official Web

معروف بھارتی اداکارہ پر جعلی دستاویزات پر ویکسین لگانے کا الزام، ہنگامہ مچ گیا

بھارتی ٹی وی کی معروف اداکارہ سومیا ٹنڈن پر جعلی دستاویزات پر کورونا ویکسین لگانے کا الزام لگ گیا۔

رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہر تھانے کی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے فرنٹ لائن ورکرز کے نام پر ویکسین لگوانے کی معاملے کی جانچ کے دوران کئی نامور شخصیات کے نام کے سامنے آئے ہیں۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اداکارہ میرا چوپڑا کے بعد اب بھارتی ٹی وی ڈرامے ’بھابھی جی گھر پر ہیں‘ میں ’انیتابھابھی‘ کے کردار سے مشہور ہونے والی سومیا ٹنڈن کا نام بھی سامنے آیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اداکارہ پر جعلی دستاویزات پر خود کو فرنٹ لائن ورکرز ظاہر کرکے ویکسین لگوانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

اداکارہ سومیا کا جعلی کارڈ— فوٹو: بھارتی میڈیا

بھارت میں ویکیسن کی قلت کے باعث 18 سے 44 سال تک کی عمر کے افراد کیلئے ویکسی نیشن کا عمل روک دیا گیا ہے تاکہ 45 سال سے زائد عمر والے افراد کو فوری ویکسین لگائی جاسکے۔

ایسے میں 36 سال سومیا ٹنڈن نے محکمہ صحت کے کارکن کی معلومات استعمال کرکے ویکسین لگوائی ہے۔ رپورٹس کے مطابق جعلی دستاویزات پر ویکسین لگانے کے 21 کیسز سامنے آئے ہیں اور اس معاملے پر انکوائری بھی جاری ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ کمیٹی نے جعلی دستاویزات پر ویکسین لگوانے والے کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی سفارش کی ہے۔

دوسری جانب اداکاراؤں کے نام سامنے آنے پر سوشل میڈیا صارفین نے غم و غصے کا اظہار کیا ہے اور ان کی جانب سے جعلی دستاویزات پر ویکسین لگانے والوں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔