Official Web

ملک بھر میں آج عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کیساتھ منائی جائے گی

اسلام آباد: ملک بھر میں آج عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کیساتھ منائی جائے گی اور کورونا سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیرکے تحت کراچی سمیت سندھ بھر کی مساجد،امام بارگاہوں اورعید گاہوں میں نمازعید الفطرکی ادائیگی کیلیے انتظامات مکمل ہوگئے ہیں۔

ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں عید الفطر کی نماز کے اجتماعات منعقد کیے جائیں گے، نماز کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور کورونا وبا کے خاتمے کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔

اس کے علاوہ فلسطین و مقبوضہ کشمیر  کی آزادی اور مسلم ممالک میں جاری فتنہ و فساد کے خاتمے کے لئے بھی اللہ رب العزت کی بارگاہ میں دعا کی جائے گی۔

مساجد اور عید گاہوں میں نماز عیدالفطر کے انتظامات مکمل

کورونا سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیرکے تحت کراچی سمیت سندھ بھرکی مساجد،امام بارگاہوں اورعید گاہوں میں نمازعید الفطرکی ادائیگی کیلیے انتظامات مکمل ہوگئے۔

مساجد انتظامیہ کے علاوہ نمازی اوراہل خیر مساجد میں کورونا ایس اوپیز کے تحت سہولت کی فراہمی کے لیے سرگرم ہیں،مساجد اورعید گاہوں میں ایس او پیز کی نگرانی کے لیے ضلعی انتظامیہ بھی متحرک ہوگئی،حفاظتی اقدامات پراٹھنے والے اخراجات کیلیے وزارت مذہبی امورسندھ یا محکمہ اوقاف کی جانب سے کوئی مالی مدد نہیں کی گئی۔

جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ کیا جارہا ہے، عید الفطرکے موقع پرنمازیوں کوکورونا کی وبا سے محفوظ رکھنے کیلیے مساجد کی انتظامیہ باجماعت نمازعید کی ادائیگی کے موقع پر احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کے لیے مرکزی داخلی دروازوں پر سینی ٹائزر گیٹ کی بجائے کولڈ واٹر کولر پیڈسٹل پنکھے(اسپرے فین ) نصب کررہے ہیں جو سینٹائزر گیٹس کا کام کریں گے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سینی ٹائزر پنکھوں سے نمازیوں پر ڈیٹول ملے پانی اور دیگر کیمیکل کے محلول کا اسپرے کیاجائے گا، ان اقدامات کا مقصد کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد ہے،نمازیوں کے لیے مساجد اور امام بارگاہوں میں داخلے سے قبل ہاتھ صابن سے دھونے کے لیے دروازوں کے باہربھی انتظامات کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں آج عید الفطر منائی جائے گی۔

%d bloggers like this: