Official Web

ایپل نے پرائیویسی کنٹرول کے حوالے سے نئی اپ ڈیٹ پر کام شروع کردیا

کیلیفورنیا:  دنیا کی سب سے مشہور ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اشتہارات کمپنیوں کو آئی فون صارفین کو ٹریک کرنے سے روکنے کیلئے پرائیوسی کنٹرول کے حوالے سے نئی اپ ڈیٹ پر کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایپل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد اپنے صارفین کو ان کے ڈیٹا پر زیادہ کنٹرول دینا ہے تاکہ انہیں پتا ہو کہ ان کا ڈیٹا جمع کر رہی ایپس اسے تھرڈ پارٹی کے ساتھ شیئر کر رہی ہیں۔

دوسری جانب ایپل کے اس اقدام نے اس کا فیس بک سے تنازع بڑھا دیا ہے۔ فیس بک کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی کا چھوٹے کاروباروں پر اثر پڑے گا۔

کہا جا رہا ہے کہ صارفین کے ڈیٹا کی فروخت روکنے سے موبائل ایپس اور پبلشرز کے اشتہارات کا ریونیو کم ہو سکتا ہے۔

خیال رہے کہ اشتہاری صنعت نے کافی عرصے سے لوگوں کی ویب براؤزنگ کا ڈیٹا اکھٹا کیا ہے تاکہ ان کے حساب سے اشتہارات دکھا سکے۔ جیسے کپڑوں یا گاڑیوں کے جن میں صارفین کو دلچسپی ہو سکتی ہے۔

ایپ ڈویلپرز اور اشتہارات کا کاروبار کرنے والوں کا کہنا ہے کہ اگر زیادہ آئی فون صارفین ٹریکنگ سے باہر ہوتے ہیں تو یہ اشتہارات کو کم موثر بنا دے گا۔

ذہن میں رہے کہ آئی فون صارفین کے پاس اپنے فون کی پرائیویسی سیٹنگز میں بھی ’ٹریکنگ‘ کا آپشن موجود ہے جس میں جا کر وہ تمام ایپس کی ٹریکنگ میں سے نکل سکتے ہیں اور اپنی مرضی کی ایپس کو اجازت بھی دے سکتے ہیں۔

انڈسٹری کے ماہرین کے مطابق اگر آئی فون صارفین ڈیٹا جمع کرنے کی اجازت دینے سے انکار کرتے ہیں تو یہ ضوابط کاروبار کے لیے تقریباً 100 ارب ڈالر کی موبائل ایڈورٹائزنگ مارکیٹ میں ہلا دینے والی تبدیلیاں لے آئیں گے۔