Official Web

ٹاپ 3 کے سوا دیگرپاکستانی بیٹسمین ٹیل اینڈرز قرار

لاہور: انضمام الحق نے ٹاپ تھری کے سوا دیگر بیٹسمینوں کو ٹیل اینڈرز قرار دیدیا.

زمبابوے جیسی کمزور ٹیم کیخلاف بڑی مشکل سے حاصل ہونے والے کامیابی پر سابق کپتان انضمام الحق نے پاکستانی بیٹنگ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

اپنے یو ٹیوب چینل پر انھوں نے کہا کہ مڈل آرڈر گرین شرٹس کی کمزور کڑی ثابت ہورہی ہے،اس شعبے میں بہت زیادہ بہتری لانے کی ضرورت ہے،ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ٹاپ تھری بیٹسمینوں کے بعد ٹیل اینڈرز کریز پر آرہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ بڑی خوش قسمتی کی بات ہے کہ ٹاپ آرڈر بیٹنگ مسلسل عمدہ پرفارم کرتے ہوئے میچز جتوا رہی ہے، ورنہ اتنی کمزور مڈل آرڈر کی وجہ سے بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا۔

انضمام الحق نے کہا کہ کھلاڑیوں کو اپنی ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے غلطیوں سے سبق سیکھ کر کارکردگی دکھانا ہوگی،ابھی تو ٹیم جیت رہی ہے اگر ایسا نہ ہوا تو توقعات پر پورا نہ اترنے والے کرکٹرز پر دباؤ کئی گنا زیادہ بڑھ جائے گا،ٹیم منیجمنٹ نے بھی کھلاڑیوں کے بارے میں تجربہ حاصل کرلیا، انھیں اب بہتری پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے۔