سعودیہ: بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا اعلان، پاکستان سمیت 20 ملکوں پر پابندی برقرار

ریاض: سعودی عرب نے 17 مئی سے بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا اعلان کردیا تاہم پاکستان سمیت 20 ممالک کو پروازوں کو اجازت نہیں دی گئی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کورونا کے باعث معطل اپنا بین الاقوامی فضائی آپریشن 17 مئی سے بحال کرے گا تاہم سعودی حکام نے بین الاقوامی فضائی آپریشن کی بحالی میں 20 ممالک پر پابندی برقرار رکھی ہے جو کورونا کی روک تھام کے لیے کی گئی ہے۔

عرب میڈیا کا بتانا ہےکہ جن 20 ممالک کو سعودی عرب میں بین الاقوامی فضائی آپریشن کی اجازت نہیں دی گئی ہے ان میں ارجنٹینا، متحدہ عرب امارات، جرمنی، امریکا، انڈونیشیا، آئرلینڈ، اٹلی، پاکستان، برازیل، پرتگال، برطانیہ، ترکی، جنوبی افریقا، سوئیڈن، سوئٹزرلینڈ، فرانس، لبنان، مصر، بھارت اور جاپان شامل ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق 20 ممالک کی فہرست میں شامل ملکوں کے غیر شہری، سفارتی عملے، میڈیکل پریکٹشنرز اور ان کے اہلخانہ کو بھی 13 فروری سے سعودی عرب میں داخلے کی اجازت نہیں ہے۔

اس کے علاوہ اس پابندی کا اطلاق سعودی عرب آنے والے ایسے مسافروں پر بھی ہوگا جنہوں نے ایسے ممنوعہ ممالک کا سفر کیا ہوگا جن سے واپسی پر سعودی عرب میں داخلے کے لیے 14 دن قبل درخواست دینا ہوتی ہے۔

دوسری جانب سعودی عرب میں بدھ کے روز کورونا سے 12 اموات ہوئی ہیں جس سے ہلاکتوں کی تعداد 6858 ہوگئی ہے جب کہ ایک ہزار 28 نئے کیسز سامنے آنے سے کیسز کی تعداد 4 لاکھ 8 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

سعودی حکام کے مطابق نئے کیسز میں سے 431 کا تعلق ریاض، 220 کا مکہ، 157 کا مشرقی صوبے اور 45 کا مدینہ شہر سے ہے۔