Official Web

پاکستان کو اندر سے غیر مستحکم کرنے کی بیرونی کوششیں جاری ہیں: وفاقی وزیر داخلہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کو اندر سے غیر مستحکم کرنے کی بیرونی کوششیں جاری ہیں، کل کے واقعے میں 5 افراد جاں بحق ہوئے، پاکستان کیلئے جینا اور مرنا جانتے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ کوئٹہ دھماکے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، چیف سیکرٹری سے فوری تحقیقات کا کہا ہے۔پاکستان کی ترقی جنہیں ایک آنکھ نہیں بھاتی وہ غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں، ڈھائی سے 3 لاکھ سوشل میڈیا اکاؤنٹس صرف بھارت سے گزشتہ 10 دنوں میں کھلے، گوادر اور بلوچستان پاکستان کی ترقی کا نام ہیں، چین پاکستان کا بہترین دوست ہے۔

انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے ہزاروں قربانیوں کے بعد دہشتگردی کو شکست دی، عظیم فوج کےساتھ دہشتگردی کے ہر حملے کو شکست دیں گے، 22 کروڑ افراد ملکی دفاع کیلئے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز کوئٹہ میں سرینا چوک کے قریب ہوٹل پارکنگ میں دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت 5 افراد جاں بحق جبکہ 11 زخمی ہوئے تھے۔ وزیراعظم نے کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزارت داخلہ کو معاملے کی ہر پہلو سے تفتیش اور تہہ تک پہنچنے کی ہدایت جاری کی تھی۔