Official Web

مصر میں ایک اور ٹرین حادثہ، 11 افراد ہلاک اور 98 زخمی

قاہرہ: مصر میں ایک اور ٹرین حادثے کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اور 98 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق مصر میں ایک اور ٹرین حادثے کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اور 98 زخمی ہوگئے، ٹرین قاہرہ سے دریائے نیل کے شہر منصورہ جارہی تھی کہ راستے میں 4 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ مصر کی وزارت کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے جب کہ 14 افراد کو معمولی زخم آئے تھے لہذا انہیں طبی امداد فراہم کرکے گھر بھیج دیا گیا ہے۔

دوسری جانب حادثے کی تحقیقات کے لیے سربراہ ریلوے حکام نے کمیٹی بنادی ہے جب کہ مصری وزیراعظم عبدل فتح ال سیسی نے بھی ملٹری انجینیئرنگ حکام کو حادثے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے، اسکے علاوہ ٹرین کے ڈرائیور سمیت دیگر ذمہ داران کو بھی تحقیقات کے لیے حراست میں لے لیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ مصر میں 2 تیز رفتار مسافر بردار ٹرینوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک اور 200 کے قریب زخمی ہوگئے تھے۔