Official Web

شوکت ترین معاشی معاملات میں بہترین حکمت عملی سے کام کریں گے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ شوکت ترین کو 35 سالوں سے جانتا ہوں، مجھے پوری امید ہے کہ نئے وزیر خزانہ معاشی معاملات میں مزید استحکام کیلئے بہترین حکمت عملی سے کام کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے ملاقات کی، جس میں ملکی معاشی صورتحال پر غور کیا گیا، اس موقع پر ماہرین معاشیات و مالیاتی امور، وفاقی وزیر حماد اظہر اور حکومتی جماعت کے سوشل میڈیا اراکین بھی موجود تھے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ شوکت ترین کو 35 سالوں سے جانتا ہوں، یہ شوکت خانم اسپتال کے بورڈ آف گورنرز کا بھی حصہ رہے ہیں، مجھے پوری امید ہے کہ شوکت ترین معاشی معاملات میں مزید استحکام کیلئے بہترین حکمت عملی سے کام کریں گے۔
اس موقع پر ملاقات میں شریک افراد نے شوکت ترین سے معاشی پلان سے متعلق سوالات کئے، ایک سوال کے جواب میں نومنتخب وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے بہترین اصلاحاتی کام کیا، ان کی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں۔

وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ 49 سالہ معاشی تجربہ کی بنیاد پر کہ سکتا ہوں کہ معاشی مسائل کا صرف ایک ہی حل ہے، جی ڈی پی گروتھ کو کم سے کم 6 سے 7 فیصد تک لانا ہو گا۔