Official Web

گرین شرٹس جنوبی افریقا میں دو سیریز جیتنے والی پہلی ایشیائی ٹیم بن گئی

لاہور: پاکستانی ٹیم جنوبی افریقا کو ان کے ملک میں دو بار سیریز ہرانے والی پہلی ایشین ٹیم بن گئی۔

تفصیلات کے مطابق بابر اعظم کی قیادت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقا کو ان کے اپنے ملک میں 2-1 سے ہرا دیا ہے، پہلے ون ڈے میچ میں میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 273 رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے آخری گیند پر میچ جیت لیا۔ اس میچ میں قومی کپتان بابر اعظم نے سنچری بنائی تھی۔

دوسرے ون ڈے میچ میں میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے قومی ٹیم کو 342 رنز کا ہدف دیا، قومی ٹیم فخر زمان کی شاندار 193 رنز کی بدولت 324 رنز پر ہمت ہار بیٹھی تھی۔

سیریز کے فیصلہ کن میچ میں میزبان ٹیم نے پہلے ٹاس جیت کر قومی ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ قومی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 320 رنز بنائے ، ایک مرتبہ پھر فخر زمان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 101 رنز کی باری کھیلی۔ بابر اعظم 94 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ امام الحق 57 سکور بنا سکے۔ ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم 292 رنزپر ہمت ہار بیٹھی، مالان 70 بنا کر سرفہرست رہے۔ شاہین شاہ آفریدی اور محمد نواز نے 3.3 شکار کیے۔

2013: Pakistan won the ODI series 2-1

2021: Pakistan won the ODI series 2-1

The only team from Asia to win an ODI series twice in South Africa #SAvPAK | #HarHaalMainCricket | #BackTheBoysInGreen pic.twitter.com/tvIuU0Z7v9

— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) April 7, 2021
یاد رہے کہ اس سے قبل قومی ٹیم مصباح الحق کی قیادت میں بھی جنوبی افریقا کو اس کی سر زمین پر ہرا چکی ہے۔ اس سیریز میں بھی گرین شرٹس نے 2-1 سے فتح حاصل کی تھی۔

پہلے میچ میں قومی ٹیم نے 218 رنز بنائے جس کے جواب میں پروٹیز ٹیم 195 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی، انور علی 43 سکور کیساتھ ٹاپ سکورر تھے۔

دوسرے میچ میں قومی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 262 رنز بنائے تھے، پورٹ الزبتھ میں کھیلے جانے والے اس میچ میں احمد شہزاد نے شاندار سنچری بنائی تھی، جب کہ ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم 261 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔ ہاشم آملہ 98 سکور کے ساتھ سرفہرست رہے تھے۔

تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستانی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 179 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی، مصباح الحق 79 سکور کے ساتھ سرفہرست تھے تاہم جنوبی افریقا نے یہ ہدف 39 ویں اوورز میں حاصل کر لیا تھا، ڈی ویلیئرز 48 رنز بنا کر ٹاپ سکورر تھے۔