Official Web

ایل جی نے اسمارٹ فون بزنس بند کرنے کا فیصلہ کیوں کیا؟

ایل جی کا اسمارٹ فون پسند کرنے والوں کے لیے بری خبر ہے کیونکہ جنوبی کوریائی کمپنی ایل جی الیکٹرانکس نے اسمارٹ فونز کی تیاری اور فروخت بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایل جی نے اعلان کیا ہے کہ وہ 31 جولائی کے بعد اسمارٹ فونز کی تیاری اور فروخت بند کردے گی اور اس کے ساتھ ہی LG اسمارٹ فون مارکیٹ سے دستبردار ہونے والی پہلی اسمارٹ فون کمپنی بن گئی ہے۔

ایل جی کے جاری کردہ بیان کے مطابق، کمپنی کے موبائل ڈویژن کو گزشتہ 6 سالوں میں ساڑھے 4 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے اور اب وہ برقی گاڑیوں کے آلات اور سمارٹ گھروں پر توجہ دے گی۔

یاد رہے کہ 2013 میں ایل جی کمپنی سام سنگ اور ایپل کے بعد دنیا میں تیسری سب سے بڑی اسمارٹ فون بنانے والی کمپنی تھی لیکن بعد میں LG کے فلیگ شپ ماڈلز نے سافٹ ویئر اور ہارڈ ویئر کے مسائل کا سامنا کرنا شروع کر دیا جس کی تجزیہ کاروں کے نزدیک بنیادی وجہ ماہرین کی کمی تھی۔

کاؤنٹرپوائنٹ کے اعدادوشمار کے مطابق ، اس وقت ایل جی کے پاس عالمی اسمارٹ فون مارکیٹ کا صرف 2 فیصد حصہ ہے۔

ایل جی نے گزشتہ سال صرف 23 ملین فون فروخت کیے جب کہ اس کے حریف سام سنگ نے 256 ملین فون بیچے۔

ایل جی کا اس وقت شمالی امریکا میں تقریباً 10 فیصد مارکیٹ شیئر ہے اور وہاں یہ ایپل اور سام سنگ کے بعد تیسری بڑی کمپنی ہے۔ شمالی امریکا کی طرح ، ایل جی کا لاطینی امریکہ میں بھی بڑا حصہ ہے اور یہ وہاں پانچویں نمبر پر ہے۔

واضح رہے کہ ایل جی الیکٹرانکس کا کل کاروبار پانچ حصوں میں تقسیم ہے۔ اس میں موبائل ڈویژن سب سے چھوٹا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایل جی اپنے اسمارٹ فون ڈویژن کو فروخت کرنے کے لیے ویتنام کے ون گروپ سے بات چیت کر رہا تھا لیکن یہ نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوئی۔