Official Web

صبا قمر کا اپنی میوزک ویڈیو ’’چنگاری‘‘ ریلیز کرنے کا اعلان

لاہور: عظیم خان کے ساتھ محبت کے ڈراپ سین کے بعد پاکستانی اداکارہ صبا قمر نے اپنی آنے والی میوزک ویڈیو کی تاریخ کا اعلان کردیا۔

صبا قمر نے سوشل میڈیا پر 25 سکینڈ پر محیط ‘چنگاریاں’ کا ویڈیو کلپ شیئر کیا جس میں وہ ہنسنے اور مسکرانے کے بعد روتی ہوئی نظر آتی ہیں۔

انہوں نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ محبت ایک خاص قسم کی بہادری چاہتی ہے جس میں ہم بار بار چوٹ کھا کر بھی سنبھل جائیں، ‘چنگاریاں’ جو میرے دل سے بہت قریب ہے اور یہ ایک ایسی کہانی پر مبنی گیت ہے جو آپ سب سے متعلق ہے، یہ گیت 5 اپریل کو میری سالگرہ کے موقع پر ریلیز ہوگا۔

اداکارہ نے اس گانے سے متعلق گلوکار مصطفیٰ زاہد کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ یہ بھی لکھا کہ میرے آن اسکرین پسندیدہ ہیرو عماد عرفانی کا بھی شکریہ کہ وہ اس کا حصہ بنے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس گلوکار بلال سعید اور اداکارہ صبا قمر کا ایک ساتھ پہلا ویڈیو گانا ‘قبول ہے’ بھی ریلیز ہوا تھا جوکہ ایک اسکینڈل کی صورت اختیار کر گیا تھا۔ بلال اور صبا قمر پر الزام تھا کہ انہوں نے گانے کی عکس بندی کے دوران لاہور کی تاریخی مسجد کا تقدس پامال کیا تھا۔

بلال سعید اور صبا قمر کی ویڈیو سامنے آنے پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا تھا جس پر بلال سعید نے سامنے آکر معافی بھی مانگی تھی۔