Official Web

کیا اعصابی تناؤ کے علاج سے گنج پن ختم کیا جاسکتا ہے؟

میساچیوسٹس: ہارورڈ یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے دریافت کیا ہے کہ اعصابی تناؤ کا باعث بننے والے ہارمون کی سرگرمیوں کو قابو کرکے گنج پن کا علاج بھی کیا جاسکتا ہے۔

اگرچہ یہ دریافت چوہوں پر تحقیق سے ہوئی ہے لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ چوہوں میں پایا جانے والا یہ ہارمون، متعلقہ انسانی ہارمون سے بہت مماثلت رکھتا ہے۔

اسی لیے انہیں انسانوں میں بھی ویسے ہی نتائج کی بھرپور امید ہے جیسے چوہوں پر تحقیق سے حاصل ہوئے ہیں۔
سائنسدانوں کی اسی ٹیم نے گزشتہ سال دریافت کیا تھا کہ اعصابی نظام کے مسلسل تناؤ میں مبتلا رہنے کی وجہ سے بالوں کی رنگت اور نشوونما سے تعلق رکھنے والے خلیاتِ ساق (اسٹیم سیلز) کی کارکردگی شدید متاثر ہوتی ہے۔

اس ضمن میں ’’نورایڈرینالین‘‘ نامی ایک نیورو ٹرانسمیٹر/ ہارمون کی زائد مقدار کے اخراج کو ممکنہ ذمہ دار قرار دیا گیا تھا۔

البتہ، تازہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ چوہوں میں اعصابی تناؤ سے خصوصی تعلق رکھنے والا ہارمون ’’کورٹیکو اسٹیرون‘‘ ہی بال سفید ہونے اور بال جھڑنے کی وجہ بنتا ہے۔

کورٹیکو اسٹیرون، جو ’’کوروٹیسول‘‘ نامی انسانی ہارمون کا حیوانی قائم مقام بھی ہے، ’’جی اے ایس سکس‘‘ (Gas6) کہلانے والے ایک جین کے اظہار میں رکاوٹ ڈال ہے۔ یہی وہ جین بالوں کے خلیاتِ ساق کی نشوونما درست رکھنے میں اہم ترین مددگار بھی ہے۔

اگلے مرحلے میں یہی تحقیقات انسانی ہارمون ’’کورٹیسول‘‘ پر کرتے ہوئے، بالوں کی سفیدی اور گنج پن کا علاج کرنے کےلیے ’’ہارمون تھراپی‘‘ پر کام آگے بڑھایا جائے گا۔

نوٹ: اس تحقیق کی تفصیلات ’’نیچر‘‘ کے تازہ شمارے میں شائع ہوئی ہیں۔

%d bloggers like this: