Official Web

وزیراعظم کا سعودی ولی عہد کو خط، 50 ارب درخت لگانے کے فیصلے کی تعریف

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو خط لکھ کر ان کے والد سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے سعودی حکومت کی جانب سے مملکت میں 10 ارب اور خطے میں 50 ارب درخت لگانے کے فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے بلین ٹری سونامی پروگرام میں مماثلت ہے، 2014 سے 2018 کے دوران ہم نے ایک ارب درخت لگائے، 2023 تک 10 ارب درخت لگانے کا منصوبہ ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 15 فیصد زمینی اور 10 فیصد سمندری سطح پر پودے لگائیں گے، منصوبے سے ایکو ٹورازم کو فروغ ملے گا اور ملازمتیں پیدا ہوں گی، 2030 تک 60 فیصد توانائی کو کلین انرجی پر شفٹ کررہے ہیں، سولر، ہوا اور پانی سے بجلی بنانے کی استعداد کو بڑھا رہے ہیں، سعودی عرب کے گرین منصوبے کی حمایت کرتے ہیں اور اس کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔