Official Web

سشانت سنگھ کی فلم کو نیشنل ایوارڈ ملنے پر ان کی بہن جذباتی ہوگئیں

ممبئی: آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی فلم کو نیشنل ایوارڈ ملنے پر ان کی بہن شویتا سنگھ کیرتی جذباتی ہوگئیں۔

دو روز قبل بالی ووڈ کے آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی زندگی میں ریلیز ہونے والی ان کی آخری فلم ’’چھچھورے‘‘ کو بھارتی حکومت کی جانب سے قومی ایوارڈ سے نوازا گیا۔

اس موقع پر سشانت سنگھ راجپوت کی بہن شویتا سنگھ کیرتی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ’’چھچھورے نے نیشنل فلم ایوارڈ حاصل کرلیا، بھائی میں جانتی ہوں کہ تم دیکھ رہے ہو لیکن کاش تم یہ ایوارڈ خود وصول کرنے کے لیے یہاں موجود ہوتے۔

شویتا سنگھ کیرتی نے مزید لکھا ’’بھائی ایسا ایک دن نہیں گزرا جب میں نے تم پر فخر محسوس نہ کیا ہو۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں ’’سشانت ہمارا ہیرو‘‘ اور ’نیشنل فلم ایوارڈ‘ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

واضح رہے سشانت سنگھ راجپوت نے مختصر فلمی کیریئر میں بہت کامیابیاں حاصل کرلی تھیں تاہم ذہنی دباو کے باعث آنجہانی اداکار نے گزشتہ سال 14 جون کو ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر خود کشی کرکے اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا تھا۔