Official Web

زیادہ کراؤڈ سے نیشنل اسٹیڈیم کی رونقوں میں اضافہ

کراچی: پی ایس ایل میں 50فیصد کراؤڈ کی اجازت ملنے پر نیشنل اسٹیڈیم کی رونقوں میں اضافہ ہوگیا۔

این سی او سی کی جانب سے 50فیصد کراؤڈ کی اجازت مل جانے پر گذشتہ روز پی ایس ایل میچز کے دوران نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تماشائیوں کی تعداد بڑھ گئی جس سے رونق میں بھی اضافہ ہوگیا، مختلف انکلوڑرز میں بیٹھے شائقین کا جوش وخروش بھی بڑھ گیا۔ وقفے وقفے سے نعرے بازی کا سلسلہ جاری رہا، دوپہر کو گرمی کی شدت کے سبب ابتدا میں تماشائیوں کی تعداد کم رہی تاہم بعد میں اضافہ ہوتا گیا، فیملی اسٹینڈز میں شائقین زیادہ تعداد میں ہونے کے باوجود انتہائی منظم انداز میں بیٹھ کر کھیل سے لطف اندوز ہوتے رہے۔
لاہور قلندرزکی ناقص فیلڈنگ پر تماشائی مسلسل جملے کستے رہے،ایک آواز آئی رانا جی ان کو سمجھاؤ، ویل چیئر پر موجود پشاور زلمی کا اسپیشل فین اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو دیکھنے اسٹیڈیم پہنچا،فرنچائز کے مالک جاوید آفریدی نے اس کی حوصلہ افزائی کی۔

دوران میچ موسیقی پر میڈیا گیلری میں موجود غیر ملکی خاتون براڈ کاسٹر کا رقص توجہ کا مرکز بن گیا، دوسرے مقابلے کے دوران تماشائی اپنے موبائل کی ٹارچ روشن کرکے ماحول میں خوبصورتی پیدا کرتے رہے، سندھی اجرک میں ملبوس کرس گیل کی تصویر کو بہت پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھا گیا۔

چیف سلیکٹر محمد وسیم بھی کھلاڑیوں کی کارکردگی کا بغور جائزہ لیتے رہے،ان کا کہنا تھا کہ اب پی ایس ایل اپنے عروج پر آگئی ہے، پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیووسیم خان اور سینئر اسپورٹس جرنلسٹ شاہد ہاشمی نے میڈیا سینٹر میں اپنی سالگرہ کا کیک کاٹا۔