بین ڈنک کینگروز کو پاکستان میں کھیلتے دیکھنے کے منتظر

کراچی: آسٹریلوی کرکٹر بین ڈنک کینگروز کو آئندہ برس پاک سرزمین پر کھیلتے دیکھنے کے منتظر ہیں جب کہ انھوں نے سیکیورٹی کے حوالے سے پاکستان کو محفوظ ملک قرار دے دیا۔ پی سی بی کو انٹرویو میں بین ڈنک نے کہا کہ کینگروز کا ٹور پاکستانی عوام اور کرکٹرز کے لیے شاندار ہوگا، اس دورے میں 2 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز شامل ہیں، آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے آخری مرتبہ 1998میں پاکستان کا ٹور کیا تھا۔

سی اے کی جانب سے دورہ پاکستان میں سیکیورٹی سے متعلق رائے مانگے جانے کے سوال پر ڈنک نے کہا کہ میں پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات سے 100 فیصد مطمئن ہوں، میں چار مرتبہ یہاں آچکا اور کبھی خود کو غیر محفوظ نہیں سمجھا، یہاں کی میزبانی اور کھانے مجھے بہت پسند ہیں، مقامی افراد کی حوصلہ افزائی بھی شاندار رہی، مجھے پاکستان آنا ہمیشہ اچھا لگتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہاں ہوٹل سے لے کر گراؤنڈ تک بہترین سیکیورٹی انتظامات کیے جاتے ہیں، ایسے میں آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کا دورہ یہاں کی عوام کے لیے ایک شاندار تجربہ ہوگا۔ مجموعی سیکیورٹی صورتحال میں بہتری کی وجہ سے پی سی بی کوانٹرنیشنل ٹیموں کو دورے کے لیے راضی کرنے میں بھی بہت مدد ملی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کا سلسلہ 2019 میں دوبارہ بحال ہوچکا اور اب انگلینڈ اور نیوزی لینڈ جیسی بڑی ٹیموں کو بھی رواں سال دورہ کرنا ہے۔ بین ڈنک مسلسل دوسری مرتبہ لاہور قلندرز کا حصہ بنے ہیں۔ وہ اس سے قبل 2019 میں کراچی کنگز کی نمائندگی کر چکے، انھوں نے کہا کہ پاکستانی کراؤڈ شاندار اورمجھے امید ہے کہ آسٹریلوی ٹیم بھی اس کے سامنے کھیل کر لطف اندوز ہوگی۔ ڈنک نے کہا کہ گذشتہ ایڈیشن میں شاہین شاہ آفریدی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، کپتان سہیل اختر بھی زبردست رہے اور محمد حفیظ اپنی بھرپور فارم میں، انھوں نے لاہور شہر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جس نے لاہور نہیں دیکھا وہ پیدا ہی نہیں ہوا۔