Official Web

نوجوانوں کو روزگار اور سیاحت کو ترقی دے رہے ہیں, عمران خان

جہلم ( بیورو رپورٹ ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کوئی بھی قوم اس وقت تک آگے نہیں بڑھ سکتی جب وہ صحیح معنوں میں اپنی تاریخ کا موازنہ نہیں کرتی، ہم اپنے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پاکستان بھر کے سیاحتی مقامات کو ترقی دے رہے ہیں، آئندہ نسلوں کے لئے ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانا ضروری ہے تاکہ ہماری آنے والی نسلوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ ہماری تاریخ کیا ہے، ترقی یافتہ ممالک اپنے تاریخی مقامات پر ریسرچ کرتے یںمگرہمارے ہاں آرکیالوجی میں کوئی کام نہیں کیا گیا۔ ۔دورہ جہلم کے دوران وزیراعظم کے ہمراہ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار، وفاقی وزیر فواد چودھری اور معاون خصوصی زلفی بخاری بھی موجود تھے۔  ہیریٹج ٹریل کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو  میں وزیراعظم نے کہا کہ تاریخی مقامات کے تحفظ سے نئی نسل کو اپنے ماضی سے متعلق آگاہی ملتی ہے، سیاحت کے فروغ سے علاقے میں بے روزگاری ختم کی جا سکتی ہے۔ باغان والا گاؤں کو ماڈل ویلج بنائیں گے۔ البیرونی نے پہلی بار یہاں زمین کی پیمائش کی۔ مقامی نوجوانوں کو روز گار دے کر غربت میں کمی لائیں گے تاریخی مقام البیرونی میں ہیریٹج ٹریل کا افتتاح اس کی ثقافتی اہمیت کے سبب کیا گیا ہے جہاں گیارھویں صدی میں معروف دانشور ابوریحان البیرونی نے  قیام کے دوران زمین کا محیط معلوم کیا۔ بعد میں البیرونی نے اس علاقے کے بارے میں ایک مشہور کتاب لکھی اور نندانہ کو بڑا علمی مرکز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن شریف کے اندر اللہ پاک نے ہمیں نصیحت دینے کے لیے بتایا کہ گزشتہ زمانوں میں کیا ہوا، تا کہ ہمیں معلوم ہو کہ کیا اچھا ہے اور کیا برا ہے اور ہمیں اپنی زندگی کیسے گزارنی چاہیے آج کل جتنی بھی اقوام ترقی کر گئی ہیں وہ سب اپنی پرانی عمارتوں کی دیکھ بھال اور تاریخی مقامات پر کھدائی کر کے آثار قدیمہ نکالتے رہتے ہیں جبکہ ہمارے ہاں یہ کام نہیں کیا گیا سارے جدید ممالک میں سب جگہ مسلسل چیزیں نکال کر دیکھا جاتا ہے پرانے زمانے میں کس طرح لوگ رہتے تھے، ساری دنیا یہ کرتی ہے اور ہمارے ہاں موئن جو دڑو اور ہڑپہ کی تہذیب انگریزوں  نے دریافت کی تھی، اس کے بعد ہمارے اپنے آرکیالوجسٹس نے بہت کم کام کیا بلکہ کچھ کیا ہی نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ایک آرکیالوجسٹ صمد نے ہری پور میں دنیا کا سب سے بڑا40 فٹ کا بدھا کا مجسمہ جسے سلیپنگ بدھا کا نام دیا گیا، دریافت کیا ہے اور ایسے آرکیالوجسٹس انتہائی کم ہیں پوری دنیا میں جہاں بودھ مذہب کے ماننے والے ہیں اب وہ سب آکر اسے دیکھنا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی آنے والی نسلوں کے لیے ان سب چیزوں کو محفوظ کرنا ہے۔انہوںنے کہا کہ دوسرا ہمارا سب سے بڑا مسئلہ روزگار کا ہے کہ ہمیں اپنی نوجوانوں کو روزگار دینا ہے، سیاحت ایک ایسی صنعت ہے جو سب سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کرتی ہے پاکستان کو اللہ پاک نے جس طرح کی نعمتیں بخشی ہوئی ہیں، دنیا کے ہر ملک میں ایسی چیزیں نہیں ہوتیں کہ سمندر، سب سے اونچا پہاڑ، دنیا کی سب سے پرانی تہذیب بھی موجود ہو اس لیے ہم دنیا کو بہت اچھی سیاحت فراہم کرسکتے ہیں ابھی تو یہ بھی معلوم نہیں ہوا کہ سالٹ رینج میں موجود قدیم شہر کتنے قدیم ہیں جس مقام پر سیاحوں کی رہائش اور دیکھ بھال کا اچھا انتظام نہ ہو وہاں سیاح نہیں آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے جن ممالک میں سیاحت ہے مثلاً سوئٹزر لینڈ، سری لنکا، ملائیشیا، ترکی میں مقامی افراد سیاحوں کا خیال رکھتے ہیں کیوں کہ اس کا فائدہ انہیں ہی پہنچتا ہے، انہیں پیسہ روزگار میسر آتا ہے جس سے پورے علاقے کا فائدہ ہوتا ہے جب سیاحت کو مقامی افراد کامیاب بناتے ہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ اس گاؤں کو ماڈل ولیج بنائیں پھر دیگر سہولیات فراہم کریں تا کہ سیاح یہاں آکر قیام کریں، پیسہ خرچ کریں جس سے سارے علاقے کو فائدہ ہو۔گار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پاکستان بھر کے سیاحتی مقامات کو ترقی دے رہے ہیں، جس میں ہم نے اس گاؤں کا بھی فیصلہ کیا جہاں دنیا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی نے زمین کی پیمائش کی اور اتنی درست پیمائش کی جسے دنیا آج بھی تسلیم کرتی ہے یہ دنیا کی بہت خاص جگہ ہے جہاں ایک ہزار سال قبل البیرونی نے کئی سال رہ کر زمین کی پیمائش کی جبکہ یورپ میں یہ کام 4 سے 5 سو سال بعد ہوا، ہم اس علاقے کو ڈیولپ کریں گے، یہ دنیا کے نقشے پر آجائے گا جس سے سارے علاقے میں تبدیلی آجائے گی۔