Official Web

سرمایہ کاری کو فروغ دے کر روزگار کے مواقع پیداکرے گے , محمود خان

پشاور (بیورو رپورٹ)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے سلسلے میں سرمایہ کاروں کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کے لئے موجودہ قوانین اور قواعد و ضوابط میں ترامیم کرکے انہیں سہل بنایا جائے تاکہ صوبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دے کر لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کئے جا سکیں – وزیراعلیٰ نے اس سلسلے میں خصوصی طور پر صوبائی حکومت کی موجودہ لیز پالیسی پر نظر ثانی کرکے اسے بیرونی سرمایہ کاروں کے لئے پر کشش بنانے کی ہدایت کی ہے – وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ سرکاری ملازمتوں کے لئے ہر کیٹیگری کی ملازمتوں کے لئے عمر کی زیادہ سے زیادہ ممکنہ ایک حد مقرر کرنے کے لئے ضروری اقدامات اٹھا ئے جائیں تاکہ امیدواروں کو عمر میں رعایت کے حصول کیلئے دفتروں کے چکر نہ کاٹنے پڑیں – یہ ہدایات اُنہوں نے بدھ کے روز صوبائی کابینہ کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں – اراکین صوبائی کابینہ کے علاوہ چیف سیکرٹری ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی – وزیراعلیٰ نے نجی ٹیسٹنگ ایجنسیوں سے متعلق معاملات کو اسٹریم لائن کرنے کے لئے قائم کردہ کابینہ کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس سلسلے میں جلد از جلد اپنی سفارشات کو حتمی شکل دے کر کابینہ کے سامنے پیش کرے – اُنہوں نے عندیہ دیا ہے کہ سرکاری ملازمین کی بھرتیوں کے لئے نجی ٹیسٹنگ ایجنسیوں کے ذریعے لئے جانے والے ٹیسٹس کو صرف سکریننگ کی حد تک محدود کردیا جائے گا – انہوں نے کمیٹی کو مزید ہدایت کی کہ وہ اس کے ساتھ ساتھ سرکاری ٹیسٹنگ ایجنسیوں اور خصوصاً پبلک سروس کمیشن کو مستحکم بنانے کے لئے بھی قابل عمل سفارشات تیار کریں تاکہ پبلک سروس کمیشن میں عرصہ دراز سے زیر التواءآسامیوں کو جلد از جلد پرُ کیا جا سکے – اسی طرح وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو کبل میں گالف کورس کی غیر مستعمل زمین کو بہتر عوامی مفاد میں پارک کی تعمیر اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے لئے استعمال میں لانے کے لئے بھی ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے – صوبائی کابینہ نے کورونا کے باعث گزشتہ سال پی ایم ایس کے مقابلے کا امتحان نہ ہونے کی وجہ سے امتحان کیلئے مطلوبہ عمر کی حد میں 2سال کی توسیع کی منظوری دیدی ہے تاکہ اہل امیدوار عمر کی حد میں اضافے کی وجہ سے آنے والے امتحانات سے محروم نہ ہوں اور امتحان میں حصہ لے سکیں – کابینہ اجلاس میں لوکل گورنمنٹ الیکشنز رولز میں چند ضروری ترامیم کی منظوری دیدی گئی ہے – اجلاس میں واٹر سپلائی اینڈسنیٹیشن کمپنی سوات کا دائرہ تحصیل بابوزئی کے باقی ماندہ علاقوں تک توسیع دینے کی منظوری دے دی گئی – کابینہ نے صوبے کی مزید سات جامعات کے لئے وائس چانسلرز کی تعیناتی کے علاوہ ہائیر ایجوکیشن اکیڈمی فار ریسرچ اینڈ ٹریننگ کے بورڈ آف گورنرز کے دو نان آفیشل ممبران کی تعیناتی کی بھی منظوری دے دی – اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور کیلئے پروفیسر گل ماجد خان، یونیورسٹی آف بونیر کیلئے پروفیسر ڈاکٹر امین بادشاہ، یونیوسٹی آ° ف چترال کیلئے پروفیسر ڈاکٹر ظاہر شاہ، فاٹا یونیورسٹی کیلئے پروفیسر محمد جہانزیب خان، وومن یونیورسٹی مردان کیلئے پروفیسر ڈاکٹر غزالہ جمال، خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاو کیلئے ڈاکٹر ضیاءالحق اور صوابی یونیورسٹی کیلئے پروفیسر ڈاکٹر ناصر جمال خٹک کے ناموں کی منظوری دیدی ہے – کابینہ نے پیشہ ور گداگری کی روک تھام کے لئے مجوزہ رولز پر تفصیلی گفتگو کے بعد ان رولز کو مزید بہتر بنانے کے لئے وزیر قانون کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی – اسی طرح کابینہ نے کمیشن آن ویمن اسٹیٹس کے گیارہ نا ن آفیشل ممبران کی تعیناتی کی بھی منظوری دے دی –