Official Web

بائیوسیکیورٹی کے معاملے پر سختی برتی جائے گی

کراچی:(سپورٹس ڈیسک) پی ایس ایل 6 میں بائیوسیکیورٹی کے معاملے پر سختی برتی جائیگی جب کہ خلاف ورزی کرنے والے کوسخت ایکشن کیلیے تیار رہنا ہوگا۔پی ایس ایل5میں پلے آف میچز کے دوران کئی افراد کوروناکا شکار ہوئے تھے، ان میں کھلاڑی، فرنچائز مالکان اور آفیشلز سب شامل تھے، البتہ بیشتر میں وائرس کی نشاندہی ایونٹ ختم ہونے کے بعد ہوئی تھی،ایک ٹیم اونر کو توکئی روز اسپتال میںبھی رہنا پڑا تھا۔ذرائع کے مطابق بائیو ببل میں اتنی سختی نہیں تھی، ہوٹل میں سوئمنگ پول کے راستے سے بعض لوگ آتے جاتے رہے، ایک کھلاڑی نے جاننے والے پولیس آفیسر کو دیکھ کر گلے بھی لگا لیا تھا، لفٹ بھی ایک ہی استعمال ہوتی رہی اس لیے عام افراد سے بھی سامنا ہوجاتا تھا،البتہ ان غلطیوں سے سبق سیکھ کر اس بار بائیو ببل کے معاملے میں پی سی بی نے سختی برتنے کا فیصلہ کیا ہے۔ہوٹل میں الگ لفٹ کااستعمال ہو رہا ہے،ٹیمیں علیحدہ فلورز پر قیام کریں گی،کھلاڑیوں اور آفیشلز کو تاکیدکی جائے گی کہ اگر انھوں نے پروٹوکولز کی خلاف ورزی کی تو سخت ایکشن لیا جائے گا،سب کے باقاعدگی سے کورونا ٹیسٹ لیے جاتے رہیں گے، اگر کسی کا نتیجہ مثبت آیا تو اسے ہوٹل میں ہی آئسولیشن روم میں قرنطینہ مکمل کرنا ہوگا،البتہ طبیعت زیادہ خراب ہونے پر اسپتال منتقل کردیا جائے گا۔جنوبی افریقہ سے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں مصروف کرکٹرز، امپائرز وغیرہ15 فروری کو چارٹرڈ فلائٹ سے کراچی پہنچیں گے، لاہور میں تیسرا اور آخری میچ 14 تاریخ کو ہونا ہے،بائیو ببل سے ہی آنے کی وجہ سے انھیں آئسولیشن میں نہیں رہنا پڑے گا، پلیئرز اگلے دن سے پریکٹس شروع کر سکیں گے۔

%d bloggers like this: