حکومت کا 18 محکموں کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے 18 محکموں کی تنخواہوں میں 25فیصد مجوزہ اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے – فیصلے کے نتیجے میں 3لاکھ 26ہزار745ملازمین کی تنخواہوں میں 25فی صد اضافہ نہیں کیا جائے گا – تفصیلات کے مطابق ایکسٹرا الائونسز لینے والے محکموں کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں ہو گا – اس فیصلے کے بعد ایوان صدر، وزیر اعظم سیکریٹریٹ ،سینٹ اور قومی اسمبلی کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا – ایف بی آر ،شعبہ صحت،نیب،اعلی عدلیہ اور وفاقی پولیس کے ملازمین بھی تنخواہوں میں اضافہ سے محروم رہیں گے – موٹروے پولیس،ائیرپورٹ سکیورٹی فورس،انٹیلی جنس بیورو،آئی ایس آئی اور ایف آئی اے کے ملازمین کی تنخواہیں نہیں بڑھیں گی – اسی طرح لا اینڈ جسٹس کمیشن،پارلیمانی افیئر ڈویژن اور اسلام آباد ماڈل پولیس کے ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافہ نہیں کیا جارہا ہے – دوسری جانب 2 لاکھ 96 ہزار470 ملازمین کی تنخواہوں میں 25فیصد اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے – وفاقی ملازمین کی تنخواہوں میں 25فیصد اہڈہاک اضافے سے قومی خزانے پر 21ارب سالانہ کا اضافی بوجھ پڑے گا – حکام کا کہنا ہے کہ ایسے ملازمین جن کوپہلے ہی 100فیصد اہڈہاک ریلیف مل رہا ان کو موجودہ اضافہ نہیں ملے گا – موجودہ اضافہ ان ملازمین کے لیے ہو گا جن کو بنیادی تنخواہ کے برابر اضافی تنخواہ یا پرفارمنس الانس نہیں مل رہا – حکام کے مطابق متعددوفاقی اداروں کے ملازمین کو بنیادی تنخواہ کا تین سو فیصد تک الانس کی مد میں دیا جا رہا ہے – ملازمین کی تنخواہوں میں فرق کم کرنے کے لیے ایڈہاک ریلیف دیا جا رہا ہے –