Official Web

راج کپور کا نواسہ اداکار ارمان جین 175 کروڑ کی منی لانڈرنگ کیس میں طلب

ممبئی(شوبز ڈیسک) بھارت کے آنجہانی لیجنڈ اداکار راج کپور کے نواسے اور رنبیر کپور کے کزن ارمان جین کو 175 کروڑ روپے کے منی لانڈرنگ کیس میں طلب کیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ارمان جین کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی جانب سے ٹاپس گروپ سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں طلب کیا گیا ہے۔ جس کی تحقیقات ایجنسی کے ذریعے ممبئی میں ارمان جین کے گھر پر چھاپے کے بعد کی گئی ہے۔ اس گھر میں وہ اپنی والدہ ریما جین اور بیوی انیسہ ملہوترا کے ساتھ رہتے ہیں۔رپورٹس کے مطابق ارمان جین کا نام شیو سینا کے ایم ایل اے پرتاب سرنائک کے بیٹے ویہانگ جو پہلے ہی اس کیس میں شامل تفتیش ہیں کے ساتھ قریبی تعلقات کی وجہ سے سامنے آیا ہے۔ سینٹرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے ارمان جین اور ویہانگ کے درمیان تفتیش کے دوران ہونے والی مشکوک بات چیت کے بعد اداکار کو طلب کیا ہے۔جس وقت ارمان جین کے گھر چھاپہ مارا جارہا تھا اسی وقت ان کے انکل راجیو کپور کی موت کی خبر سامنے آئی جس کے بعد ایفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے عہدیداروں نے ارمان جین کی والدہ ریما جین کو ان کے بھائی کے گھر جانے کی اجازت دے دی تھی۔واضح رہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) فی الحال گزشتہ سال منظرعام پر آنے والے سیکیورٹی فرم ٹاپ گروپس سے متعلق مبینہ 175 کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کررہا ہے۔ارمان جین بالی ووڈ کے معروف اداکار رنبیر کپور، کرینہ کپور اور کرشمہ کپور کے کزن ہیں۔ انہوں نے 2014 میں فلم لے کر ہم دیوانہ دلسے بالی ووڈ ڈیبیو کیا تھا۔ اس کے علاوہ وہ کئی ہٹ فلموں میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر بھی کام کرچکے ہیں جن میں اسٹوڈنٹ آف دی ایئر، ایک میں اور ایک تو اور مائی نیم از خان شامل ہیں۔