الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے لیے شیڈول جاری کردیا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات کے لیے شیڈول جاری کردیا ہے جس کے تحت قومی و صوبائی اسمبلی میں پولنگ 3 مارچ کو ہوگی – الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق چاروں صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی میں سینیٹ انتخابات کے لیے 3 مارچ کو پولنگ ہوگی، پولنگ کا عمل 3 مارچ کو صبح 9 سے لے کر شام 5 تک جاری رہے گا – اسلام آباد کے لیے اسپیشل سیکریٹری الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ ظفر اقبال حسین، پنجاب کے لیے صوبائی الیکشن کمشنر غلام اسرار خان، سندھ کیلیے صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان، خیبرپختونخوا کیلیے صوبائی الیکشن کمشنر شریف اللہ جب کہ بلوچستان کیلیے صوبائی الیکشن کمشنر محمد رازق ریٹرننگ افسر ہوں گے – انتخابی شیڈول کے تحت امیدوار 12 اور 13 فروری تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گی، امیدواروں کی فہرست 14 فروری کو جاری کی جائے گی، امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 15 اور 16 فروری کو ہو گی، امیدواروں کے اعتراضات 19 اور 20 فروری کو نمٹائے جائیں گی، الیکشن کمیشن امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 21 فروری کو جاری کرے گا جب کہ سینیٹ انتخابات سے دستبردار ہونے کے لیے امیدوار 22 فروری تک کاغذات واپس لے سکیں گے – واضح رہے کہ 11مارچ کو 52 سنیٹرز اپنی مدت پوری کرکے ریٹائر ہو جائیں گے تاہم سینیٹ کی 48 نشستوں پر انتخابات ہوں گی، اس طرح ایوان بالا کے ارکان کی تعداد 100 ہوجا ئے گی – سینیٹ میں انتخابات متناسب نمائندگی اور سنگل ٹرانسفر ایبل ووٹ کی بنیاد پر ہوں گی، سیکرٹ یا اوپن ووٹنگ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ریفرنس کے فیصلہ کے بعد ہوگا، پنجاب اور سندھ میں 11، 11، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں 12، 12اور اسلام آباد کی2 نشستوں پر پولنگ ہوگی –