Official Web

مسئلہ کشمیر پر سفارتی ایمر جنسی نافذ کی جائے , سراج الحق

اسلا م آبا د(مانیٹرنگ ڈیسک) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے عالمی برادری کو خبردار کیاہے کہ کشمیر چار ایٹمی طاقتوں کے درمیان گھرا ہوادنیا کا اہم ترین مسئلہ ہے اور اگر اسے لاکھوں کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل نہ کیا گیا تو خطے کے امن کو شدید خطرات لاحق ہوں گے ،دنیا مسئلہ کی اہمیت و نزاکت کو سمجھتے ہوئے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا احترام کرے ۔ اسلام آباد میں جماعت اسلامی کی میزبانی میں منعقدہ قومی کشمیر کانفرنس میںصدارتی کلمات کہتے ہوئے انہوںنے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں مسئلہ کشمیر پر سفارتی ایمر جنسی نافذ کی جائے اور مستقل طور پر ایک نائب وزیر خارجہ تعینات ہوناچاہیے جس کی ذمہ داری میں صرف امور کشمیر شامل ہوں ۔ قومی کشمیر کانفرنس میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین ، سفارتکار ، کشمیری قیادت ، وکلا ، صحافی ، انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندے اور مختلف مکتب فکر سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی ۔ مقررین میں آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان ، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف ، مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر راجہ ظفر الحق ، سینیٹر مشاہد حسین سید ، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سیکرٹری جنرل عبدالغفور حیدری ، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم ،نائب امرا جماعت اسلامی میاں محمد اسلم، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ،پروفیسر محمد ابراہیم ،جے یوپی کے رہنما اویس نورانی ، جمعیت اہلحدیث کے رہنما پروفیسر ساجد میر ، ممتاز سفارتکار عبدالباسط ، ممتاز صحافی حامد میر شامل تھے ۔ کانفرنس کی نظامت کے فرائض نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے انجام دیے ۔ کانفرنس پانچ گھنٹے جاری رہی ۔ سینیٹر سراج الحق نے سینیٹر مشاہد حسین سید کی اس تجویز پر اتفاق کیا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے ایک جوائنٹ پولیٹیکل ٹاسک فورس تشکیل دی جائے ۔انہوں نے کشمیری قیادت اور کشمیری عوام کو بھارتی ظلم و استبداد کے آگے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے رہنے پر نہایت شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور انہیں یقین دلایا کہ خون کے آخری قطرے تک پاکستانی قوم ان کی جدوجہد آزادی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔

%d bloggers like this: