صحت سہولت پروگرام سے 3 لاکھ خاندانوں کو مفت علاج کی سہولت میسر آئے گی , محمودخان

ڈیرہ اسماعیل خان (بیورو رپورٹ)وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمودخان نے کہاہے کہ صحت سہولت پروگرام میں لیور اور کڈنی ٹرانسپلانٹ بھی شامل کر رہے ہیں ، منصوبے سے ڈیرہ اسماعیل خان کے تین لاکھ سے زائد خاندانوں کو مفت علاج معالجے کی سہولت میسر آئے گی، ڈی آئی خان موٹر وے منصوبے کا بھی بہت جلد افتتاح کریں گے جس سے جنوبی اضلاع کی تقدیر بدل جائے گی – ان خیالات کا اظہارانہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کے دورے کے موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا – اس موقع پر وفاقی وزیر سردارعلی امین خان گنڈہ پور،تیمور سلیم جھگڑاصوبائی وزیرصحت ،کمشنر یحییٰ اخوانزادہ، آر پی او یاسین فاروق،ڈی سی عارف اللہ اعوان ،ڈی پی اوعارف شہباز وزیر سمیت ایس ای پبلک ہیلتھ انجینئرنگ مسعود الرحمان خان، ڈی ای او ریسکیو1122فضل منان، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر حیات خان سمیت دیگرمحکموں کے سربراہان اورمعززین علاقہ موجودتھے – تقریب میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمودخان نے ڈیرہ اسماعیل خان میں صحت کارڈکے منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے خواتین میں صحت کارڈتقسیم کیے – وفاقی وزیر سردار علی امین خان گنڈہ پور نے وزیراعلیٰ محمودخان کو علاقے کی روایتی لنگی پہنائی – پولیس نے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے ہوئے تھے – وزیراعلیٰ ہیلی کاپٹرکے ذریعے ڈیرہ اسماعیل خان پہنچے – وزیر اعلی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یونیورسل ہیلتھ کوریج کے لیے18ارب روپے بجٹ میں مختص کیے ہیں – صحت کارڈسے ڈیرہ اسماعیل خان کے تین لاکھ سے زائد خاندانوں کو مفت علاج معالجے کی سہولت میسر آئے گی – انہوں نے کہاکہ جنوبی اضلاع میں بنجر زمینوں کو قابل کاشت بنانے کے لیے چشمہ رائٹ لفٹ بنک کنال اور ٹانک زام ڈیم بنائیں گے – انہوں نے کہاکہ صوبے میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے اکنامک زونز قائم کیے جا رہے ہیں – درابن اکنامک زون کا بھی جلد افتتاح کریں گے – انہوں نے کہاکہ ماضی کی حکومتوں نے جنوبی اضلاع کو نظر انداز کیا لیکن اب ان کی محرومیوں کا ازالہ ہوگا – آئندہ الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف پورے ملک میں حکومت بنائے گی – تقریب سے وفاقی وزیرسردارعلی امین خان گنڈہ پوراوروزیرصحت تیمورسلیم جھگڑا نے بھی خطاب کیا –