Official Web

سارے ڈاکو مل کر مجھے بلیک میل کر رہے ہیں، وزیراعظم

ساہیوال: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سارے ڈاکو مل کر مجھے بلیک میل کر رہے ہیں، اپوزیشن کے نامور ڈاکووں کی تنقید کو اعزاز سمجھنا چاہئیے، یہ اگر میری تعریف کرے تو میں اپنی توہین سمجھوں گا۔ ساہیوال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اور حکومت مل کر پارلیمنٹ چلاتے ہیں، انہوں نے پہلے دن سے پارلیمنٹ کو این آر او مانگنے کیلئے استعمال کیا، پارلیمنٹ کے اندر عوامی مفاد کی جو بحث ہونا چاہیئے تھی وہ نہیں ہو سکی، اپوزیشن کے نامور ڈاکووں کی تنقید کو اعزاز سمجھنا چاہئیے، اپوزیشن اگر میری تعریف کرے تو میں اپنی توہین سمجھوں گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پی ڈی ایم نے فیل ہی ہونا تھا، سارے ڈاکو مل کر مجھے بلیک میل کر رہے ہیں، ایک بھگوڑا لیڈر لندن میں بیٹھ کر انقلاب لانا چاہتا ہے، یہ سب پارٹی کو اکٹھا رکھنے کیلئے حکومت جانے کی تاریخیں دیتے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات کیلئے ابھی سے ریٹ لگنا شروع ہو چکے ہیں، ہمیں معلوم ہے کونسا سیاسی لیڈر پیسے لگا رہا ہے، یہ کیسے ممکن ہے کہ پیسہ لگا کر سینیٹر بننے والا پیسہ نہیں بنائے گا، سینیٹ انتخابات میں اوپن بیلیٹنگ کیلئے آئینی ترمیم کا رہے ہیں، کرپشن کو روکنے کی ترامیم کے مخالف قوم کے سامنے بے نقاب ہوں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیاسی پشت پناہی کے بغیر سرکاری زمینوں پر قبضہ نہیں ہو سکتا، مریم نواز نے غیر قانونی کھوکھر پیلس پر کھڑے ہو کر قبضہ مافیا سے اظہار یکجہتی کیا، کھوکھر برادران نے 130 کروڑ کی سرکاری زمین پر قبضہ کیا ہوا تھا، خود کو مستقبل کا لیڈر کہنے والی مریم نواز قبضہ مافیا کی حمایت کر رہی ہیں، ان کے دور میں ہر سیاسی رہنماء نے سرکاری زمینوں پر قبضے کئے، جب ملک کا ایک وزیراعظم قبضہ گروپس کی پشت پناہی کرے تو باقی کسی کو کون روکے گا، بڑے بڑے ڈاکووں اور قبضہ مافیا کو نہیں چھوڑا جائے گا۔