Official Web

چین کی مائیک پومپیو سمیت متعدد امریکیوں پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نےاعلان کیا ہے  کہ چین مائیک پومپیو سمیت دیگر امریکیوں پر پابندیاں عائد  کرے گا ۔ 

ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند برسوں میں امریکہ میں متعدد چین مخالف سیاست دانوں نے  اپنے ذاتی مفادات کی خاطر  چین کے خلاف تعصب اور نفرت میں ، چینی اور امریکی عوام کے مفادات کو نظرانداز کرتے ہوئے مختلف غیر معقول سرگرمیوں کا سلسلہ شروع کیا ۔اس سے  چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت  کی گئی،  چین کے مفادات کو نقصان  پہنچا ،چینی عوام کے جذبات مجروح ہوئے اور چین-امریکہ تعلقات کو بھی شدید نقصان پہنچا  ۔ ترجمان نے کہا کہ  چینی حکومت کا قومی اقتدار اعلی ،  سلامتی اور ترقیاتی مفادات کے دفاع کا عزم غیر متزلزل ہے ۔ چین نے ٹرمپ انتظامیہ میں شامل مائیک پومپیوسمیت  ان 28 افراد پر پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جنہوں نے چین کی خود مختاری کی شدید خلاف ورزی کی ہے ۔ان افراد اور ان کے اہل خانہ کی مین لینڈ چائنا، ہانگ کانگ اور مکاؤ میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔ مزید یہ کہ ناصرف ان افراد کے بلکہ ان سے منسلک کمپنیوں اور اداروں کے چین کے ساتھ روابط اور کاروبار کرنے پر  بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

اکیس تاریخ کو چین کی  وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چھون اینگ نے میڈیا بریفنگ کے دوران چین کی جانب سے چند امریکی اہلکاروں پر پابندیوں کے حوالے سے نامہ نگاروں کے سوالات کے جوابات دیے۔ 

ترجمان نے کہا کہ چین کا متعلقہ امریکی اہلکاروں پر پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ ایسی شخصیات کی جانب سے چین سے متعلقہامور میں  چین کی خودمختاری ، سلامتی اور ترقیاتی مفادات کی شدیدخلاف ورزی کا ردعمل ہے ۔چین کاا قدام جائز اور ضروری تھا جس سے  قومی مفادات کے تحفظ کے لیے چین کے پختہ عزم کامکمل اظہار ہوا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ  نئی امریکی حکومت ، چین اور چین – امریکہ تعلقات کو معقول طور پر دیکھے گی ، دونوں ممالک کے عوام کی خوشحالی کے تناظر میں چین کے ساتھ  بہترتعلقات قائم کرےگی، اور عدم  تنازعہ ، عدم تصادم ، باہمی احترام اور تعاون کے اصول پر عمل پیرا رہتے ہوئے اختلافات کو کنٹرول کرے گی ،تاکہ چین ۔ امریکہ  تعلقات پائیدار اور مستحکم ترقی کی راہ پر گامزن رہ سکیں۔