Official Web

مشال خان ویب سیریز میں اداکاری کیلئے تیار

کراچی(شوبز ڈیسک)اداکارہ مشال خان، جنہوں حال ہی میں ویب سیریز ‘برج’ میں اداکاری کی، اب وہ پاکستان کی پہلی اردو اسٹریمنگ سروس ‘اردو فلکس’ کی ویب سیریز میں اداکاری کے لیے تیار ہیں۔ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مشال خان کی یہ ویب سیریز خصوصی طور پر اردو فلکس پر دستیاب ہوگی تاہم اس حوالے سے زیادہ تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔مشال خال ابھرتی ہوئی اداکارہ ہیں اور وہ ‘سنو چندا’، ‘خاص’ اور ‘میرے ہمدم’ جیسے ڈراموں میں اداکاری کرچکی ہیں اور اب نئی ویب سیریز میں ایک غیر روایتی کردار میں دکھائی دیں گی۔خیال رہے کہ دسمبر میں اردو فلکس کی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں اداکارہ مشال خان کی تصویر شیئر کی گئی تھی اور بتایا گیا تھا کہ انہوں نے ای میکس میڈیا کے دفتر کا دورہ کیا تھا۔جس کے بعد ایک اور پوسٹ میں اداکارہ مشال خان کی تصویر کے ساتھ یہ بتایا گیا تھا کہ وہ جلد اردو فلکس پر علینہ علی کے کردار میں دکھائی دیں گے۔دوسری جانب مشال خان نے بھی یہ پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اردو فلکس کی متوقع ویب سیریز میں اداکاری کی تصدیق کی تھی۔چند روز قبل اردو فلکس کی جانب سے مشال خان کی ویب سیریز کی پہلی جھلک جاری کی گئی تھی اور ان کی آنے والی ویب سیریز کا نام ‘لفافہ ڈائن’ بتایا گیا ہیپوسٹ میں کہا گیا تھا کہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم کردہ ڈیجیٹل نیٹ ورک ای میکس میڈیا نے پاکستان میں پہلے ‘اردو او ٹی ٹی پلیٹ فارم کے اعلان کے ساتھ آن-ڈیمانڈ اسٹریمنگ سیگمنٹ کی تیاری پر کام شروع کردیا ہے
۔مزید کہا گیا تھا کہ اس او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر دنیا بھر میں اردو زبان میں اصل اور خصوصی مواد پیش کیا جائے گا۔پوسٹ میں کہا گیا تھا کہ او ٹی ٹی پلیٹ فارم جنوری 2021 کے وسط میں باضابطہ طور پر لانچ ہونے کا امکان ہے۔علاوہ ازیں اردو فلکس کی ویب سائٹ بھی متعارف کرادی گئی ہے جس کے مطابق اردو فلکس کے صارفین کو اوریجنل اردو سیریز، فلمز، ویب سیریز، ڈراما سیریز اور اردو میں ڈب کیے گیے ترک ڈراموں تک رسائی حاصل ہوگی۔