Official Web

کامران اکمل اور احمد شہزاد پاکستان کپ سے باہر

لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کیلیے حسن علی سینٹرل پنجاب کے کپتان مقرر ہوگئے ہیں جب کہ وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل اور اوپپنگ بیٹسمین احمد شہزاد ایونٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔ قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس میں ریڈ بال کرکٹ کے اعلی کوالٹی کے میچز مکمل ہونے کے بعد اب وائٹ بال کرکٹ ٹورنا منٹ پاکستان کپ 8 جنوری سے شروع ہو رہا ہے ۔ 33 میچز پر مشتمل ٹورنامنٹ ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا ۔ میچز کراچی کے تین وینیوز این بی پی اسپورٹس کمپلیکس ، اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم اور یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے جائیں گے۔ اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم 29 اور 30 جنوری کو سیمی فائنلز اور 31 جنوری کو فائنل کی میزبانی کرے گا۔ٹورنامنٹ میں تقریبا 10 ملین روپے کی پرائز منی رکھی گئی ہے، ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 5 ملین روپے ملیں گے جبکہ رنرز اپ کو 2.5 ملین روپے دئیے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کے بہترین پرفارمرز جن میں پلئیر آف دی ٹورنامنٹ ، بہترین بیٹسمین ، بہترین بولر اور بہترین وکٹ کیپر شامل ہیں، ان میں ایک ملین روپے کی رقم یکساں تقسیم کی جائے گی جبکہ 8 لاکھ روپے کی رقم گروپ اور دونوں سیمی فائنل کے مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کرنے والوں میں تقسیم کئے جائیں گے، پلئیر آف دی فائنل کو 35 ہزار روپے ملیں گے۔دوسری جانب ہیڈ کوچز نے اپنے اپنے 16 رکنی اسکواڈز کو حتمی شکل دے دی ہے، ان میں نوجوان کرکٹرز کو موقع دیا گیا ہے، جنہوں نے 21-2020میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ قائد اعظم ٹرافی میں اپنی ٹیم کے غیر معمولی کم بیک میں اہم کردار ادا کرنے والے حسن علی ہی سنٹرل پنجاب کی قیادت کریں گے۔ سنٹرل پنجاب میں 11 وہ کھلاڑی شامل ہیں جنہوں نے فائنل کھیلا ۔ ان کے ساتھ احمد بشیر ، بلال آصف ، رضوان حسین ، صہیب اللہ اور طیب طاہر شامل ہیں۔ خالد عثمان خیبر پختونخواہ کی قیادت کریں گے ۔ جارحانہ بیٹنگ کرنے والے فخر زمان جنہوں نے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں سب سے زیادہ رنز بنائے خیبر پختونخواہ کے نائب کپتان ہوں گے ۔

ہیڈ کوچ عبدالرزاق نے قائداعظم ٹرافی کے ٹاپ بولر ساجد علی اور ٹاپ بیٹسمین کامران غلام کو اسکواڈ میں برقرار رکھا ہے ۔

بلوچستان کے کپتان تجربہ کار بیٹسمین عمران فرحت ہوں گے بسمہ اللہ خان کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ ہیڈ کوچ فیصل اقبال نے پاکستان انڈر 19 کے کھلاڑی عبدالواحد بنگلزئی پر اعتماد برقرار رکھا ہے جن کا سیزن 21-2020 شاندار رہا ہے ۔عبدالواحد بنگلزئی نے پاکستان کپ سیکنڈ الیون کے پانچ میچز میں ایک نصف سنچری کی مدد سے 187 رنز بنائے وہ ٹاپ بیٹسمینوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر تھے۔

ناردرن کے قائم مقام ہیڈ کوچ محمد مسرور نے محمد نواز کو کپتان مقرر کیا ہے ۔ ناردرن کے سولہ رکنی اسکواڈ میں مبصر خان بھی شامل ہیں ۔ 21-2020 کے ڈومیسٹک سیزن میں مبصر خان کی بیٹ اور بال کے ساتھ شاندار کارکردگی رہی ہے ۔ انہوں نے فرسٹ کلاس کے ڈیبیو میچ میں سنچری بنائی جبکہ انڈر 19 کے ون ڈے اور تھری ٹورنامنٹ میں پلئیر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے۔

سندھ کی ٹیم قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلاس میں آخری نمبر پر رہی اور اب پاکستان کپ میں سندھ کی ٹیم کم بیک کرنے کی کوشش کرے گی ۔ ہیڈ کوچ باسط علی نے سعود شکیل کو کپتان بنایا ہے ۔ عالیان محمود کو انڈر 19 کی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کا صلہ مل گیا ہے ۔ وہ انڈر 19 ون ڈے کپ اور تھری ڈے میں تیسرے بہترین بولر قرار پائے انہوں نے ون ڈے کپ میں 24 اور تھری ڈے میں 20 وکٹیں لیں۔

مڈل آرڈر بیٹسمین صہیب مقصود نیشنل ٹی ٹونٹی کی فائنلسٹ سدرن پنجاب کی قیادت کریں گے سدرن پنجاب کی جانب سے قائد اعظم ٹرافی میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے سلمان علی آغا کو نائب کپتان بنایا گیا ہے ۔ فاسٹ بولنگ کے شعبے میں آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ایرون سمرز شامل ہیں جبکہ سدرن پنجاب نے پاکستان کپ ون ڈے سیکنڈ الیون کے ٹاپ دو بیٹسمینوں مختار احمد اور وقار حسین کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے ۔ انہوں نے سدرن پنجاب کو پاکستان کپ سیکنڈ الیون جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
اسکواڈز

بلوچستان: عمران فرحت (کپتان) ، بسم اللہ خان (نائب کپتان) ، عبدالوحد بنگلزئی ، عدنان اکمل ، اکبر الرحمن ، علی رفیق ، اویس ضیا ، ایاز تسور ، گوہر فیض ، جلات خان ، کاشف بھٹی ، نذر حسین ، رضا الحسن ، تیمور علی ، تا ج ولی اور امید آصف

سنٹرل پنجاب: حسن علی (کپتان) ، احمد بشیر ، احمد صفی عبد اللہ ، علی شان (وکٹ کیپر) ، علی زریاب ، بلال آصف ، بلاول اقبال ، محمد اخلاق ، محمد سعد ، قاسم اکرم ، رضوان حسین ، سعد نسیم ، صہیب اللہ ، طیب طاہر ، عثمان صلاح الدین اور وقاص مقصود

خیبر پختونخواہ: خالد عثمان (کپتان) ، فخر زمان (نائب کپتان) ، عادل امین ، ارشد اقبال ، آصف آفریدی ، عمران خان سینئر ، عرفان اللہ شاہ ، اسرار اللہ ، کامران غلام ، محمد محسن ، محمد وسیم جونیئر ، مصدق احمد ، ریحان آفریدی (وکٹ کیپر) ، صاحبزادہ فرحان ، ساجد خان اور عثمان شنواری

ناردرن: محمد نواز (کپتان) ، عامر جمال ، علی عمران ، آصف علی ، اطہر محمود ، فیضان ریاض ، حماد اعظم ، جمال انور ، مبصر خان ، محمد اسماعیل ، ناصر نواز ، نعمان علی ، سلمان ارشاد ، سہیل تنویر ، تیمور سلطان اور عمر امین

سندھ: سعود شکیل (کپتان) ، عالیان محمود ، ابرار احمد، انور علی ، اسد شفیق ، غلام مدثر ، حسان خان ، خرم منظور ، میر حمزہ ، محمد اصغر ، محمد اعظم خان ، محمد عمر ، عمیر بن یوسف ، سعد علی ، شاہنواز دھانی اور شرجیل خان

سدرن پنجاب: صہیب مقصود (کپتان) ، سلمان علی آغا (نائب کپتان) ، عامر یامین ، آرون سمرز ، علی شفیق ، محمد الیاس ، محمد عمران ، مختار احمد ، راحت علی ، سیف بدر ، عمر خان ، عمر صدیق خان ، وقار حسین ، زاہد محمود ، زین عباس اور ذیشان اشرف

%d bloggers like this: