Official Web

کشمیریوں کی حمایت ہمیشہ جاری رکھیں گے ، عسکری قیادت

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ قومی اداروں کےتمام عناصرکودرپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 238 ویں کور کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں علاقائی اور ملکی سیکیورٹی کی صورت حال بالخصوص سرحدوں کی صورتحال، داخلی سیکیورٹی اور پاک فوج کے پیشہ ورانہ امور کا جائزہ لیا گیا۔

کانفرنس کے شرکاء نے یوم حق خودارادیت کے موقعے پر کشمیریوں کی مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ان شاء اللہ تنازعہ کشمیر کا حل سکیورٹی کونسل کی قرادادوں اور کشمیریوں کی خواہش کے مطابق ہوگا۔ کئی دہائیوں سے غاصبانہ قابض بھارتی فوج کا ظلم و ستم بھی کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو نہیں دباسکا۔
کانفرنس کے شرکاء نے افغانستان میں امن عمل میں حالیہ مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ قومی کوششوں سے خطرات کو مکمل شکست دی جا سکتی ہے، جس کے لیے معاشرے کے تمام فریقین کو اپنا بامقصد کردار ادا کرنا ہوگا۔

کور کمانڈرز کانفرنس میں لائن آف کنٹرول، ورکنگ بائونڈری اور مشرقی سرحدوں کی صورت حال کا بھی جائزہ لیا، شرکاء نے کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کیلئے تربیت اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر توجہ مرکوز رکھنے پر زور دیا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہر سطح پر بہترین صلاحیت سے تمام چیلنجز سے نمٹا جا سکتا ہے، قومی دھارے کے تمام عناصر کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

کانفرنس میں کورونا سے نمٹنے کیلئے اقدامات اور اس سلسلے میں جانوں کی پرواہ کئے بغیر کوششیں کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا، کانفرنس کے شرکاء نے ملک میں فروغ امن کیلئے قربانیاں دینے والے شہداء بالخصوص بلوچستان میں حالیہ واقعات کے شہداء کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشت گردوں اوران کے سہولت کاروں کو ہر قیمت پر شکست دیں گے۔