Official Web

اسلام آباد میں بدامنی چوری، ڈکیتی اور قتل کے واقعات میں اچانک اضافہ

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) وفاقی دارالحکومت میں حالیہ چند دنوں میں بدامنی کے بڑے واقعات میں 8سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے اور متعدد افراد زخمی ہوئے – وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فائرنگ کے علاوہ چوری، ڈکیتی اور چھینا جھپٹی کے واقعات میں اچانک اضافہ ہو گیا اور ایک ہفتے میں ہی جرائم کی شرح غیر معمولی حد تک بڑھ گئی – 28 دسمبر کو مسلح افراد نے ایف 10 مرکز میں حساس ادارے کے ملازم کو لوٹنے کی کوشش کی اور مزاحمت پر فائرنگ کر کے حساس ادارے کے ملازم کو قتل کر دیا – 29 دسمبر کو جی 10 فورمیں گھر کے باہر کھڑے شخص کو فائرنگ کر کے موت کی گھاٹ اتار دیا گیا – 29 دسمبر کو ہی مسلح افراد نے جیولری شاپ کے باہر دن دیہاڑے اندھا دھند گولیاں برسائیں جس سے سیکیورٹی گارڈ زخمی ہو گیا – 30 دسمبر کو تھانہ سبزی منڈی اور شمس کالونی کی حدود میں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے 2 ٹرک ڈرائیورز کو ڈکیتی کی نیت سے روکنے کی کوشش کی اور ٹرک نہ روکنے پر سفاک ملزمان نے غریب ڈرائیوز کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا – 2 دسمبر کی رات اسلام آباد پولیس کے اے ٹی ایس اہلکاروں نے گاڑی نہ روکنے پر طالب علم اسامہ ندیم کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا – وفاقی دارالحکومت میں رواں ہفتے چوری، ڈکیتی اور موبائل فون چھیننے کے بھی متعدد واقعات ہوئے لیکن پولیس خاموش تماشائی کا کردار ادا کرتی رہی