Official Web

ملک دشمن عناصر پاکستان کے خلاف سرگرم ہیں , سراج الحق

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکمران عوام پر رحم کریں اور ان کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں – نئے سال کے آغاز پر دو اندوہناک حادثات نے قوم کوہلا کر رکھ دیاہے ، لیکن حکمران ہیں کہ سنجیدہ ہونے کا نام ہی نہیں لے رہے – ملک دشمن عناصر پاکستان کے خلاف سرگرم ہیں اور وزراءبیان بازی میں مصروف ہیں – بلوچستان لہو لہان، سازشیں عروج پر ہیں – عوام کے دل و دماغ حکمران اشرافیہ کیخلاف نفرت سے بھرے پڑے ہیں – مچھ میں گیارہ کان کنوں کی شہادت کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہیں – حکومت غریب شہدا کے اہل خانہ کی ہر ممکن مالی مدد کرے اور سازش کو بے نقا ب کرے – ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے منصورہ میں جاری مجلس شوریٰ کے ا جلاس کے دوسرے روز اراکین سے خطاب اور ملاقات کے لیے آنے والے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا – سینیٹر سراج الحق نے مچھ میں گیارہ غریب کان کنوں کی شہادت پر نہایت دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اندوہناک واقعہ کی شدید مذمت کی ہے – انہوں نے واقعہ کے پیچھے سازش کو بے نقاب کرنے اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ کی بھر پور مالی امداد کا بھی حکومت سے مطالبہ کیا – انہوں کہاکہ اسلام آباد میں نوجوان کی شہادت کے خون کے دھبے ابھی سڑک پر موجود تھے کہ بلوچستان میں حادثہ ہوگیا – انہوں نے حکمرانوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ سنجیدہ رویہ اختیار کریں ، اپوزیشن کو دبانے کی بجائے امن و امان کی طرف توجہ دیں – امن و امان کا قیام حکومت کی پہلی ترجیح ہونی چاہیے – معاشی بدحالی کے شکنجہ میں جکڑے عوام کے دلو دماغ حکمرانوں کے خلاف نفرت اور غصہ سے بھرے پڑے ہیں – پسماندہ علاقوں کی بہتری کی جانب فی الفور توجہ نہ دی گئی تو حالات اور خراب ہوسکتے ہیں اور ملک دشمن عناصر اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں