Official Web

آسکر ایوارڈ کی تقریب ورچوئل کے بجائے روایتی انداز میں کرنے کا فیصلہ

فلموں کی دنیا کے سب سے بڑے میلے آسکر  ایوارڈکی تقریب ورچوئل کے بجائے روایتی انداز میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

شوبز ویب سائٹ ورائٹی رپورٹ کے مطابق اکیڈمی آف موشن پکچرز آرٹس اینڈ سائنس کی جانب سے 73 ویں اکیڈمی ایوارڈ کی تقریب کے لیے 25 اپریل 2021 کے دن کا انتخاب کیا گیا ہے۔

ورائٹی رپورٹ کے مطابق 2021 میں آسکر کی تقریب ورچوئل کے بجائے روایتی انداز میں منعقد کی جائے گی جب کہ موسم بہار میں تھیٹر کو ایک بار پھر تماشائیوں کے لیے کھول دیا جائے گا جس سے مزید فلموں کو آسکر ایوارڈ تقریب میں حصہ لینے کا موقع مل سکے گا۔

عام طور پر آسکر ایوارڈ کی تقریب 3400 سیٹوں پر مشتمل لاس اینجلس کے ڈولبی تھیٹر میں منعقد کی جاتی ہے تاہم عالمی وبا کی موجودگی میں کتنے لوگوں کو ایوارڈ تقریب میں شرکت کی اجازت ہوگی اب تک یہ واضح نہیں ہو سکا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل کورونا وبا کے باعث انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے نامور اور معروف ‘ایمی ایوارڈز’ کی تقریب کا ورچوئل انعقاد رواں برس ماہ ستمبر میں  کیا جاچکا ہے جس میں میزبان اور پروڈکشن عملے سمیت صرف چند ستاروں نے شرکت کی تھی۔