Official Web

شہباز شریف اور حمزہ پیرول کی مدت مکمل ہونے پر کوٹ لکھپت جیل منتقل

لاہور: شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو 6 روزہ پیرول مکمل ہونے کے بعد واپس جیل منتقل کر دیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی پیرول کی مدت مکمل ہونے پر کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا گیا ہے، ان کی روانگی کے موقع پر لیگی کارکنوں کی اپنے قائدین کے حق اور حکومت کی مخالفت میں شدید نعرے بازی کی۔

شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو دونوں کو الگ الگ قافلوں کی صورت میں لے جایا گیا، اس موقع پر پولیس کی جانب سے سخت سیکیورٹی کے انتظامات کئے گئے، جیل کے داخلی دروازے ریلوے پھاٹک پر جیل کی پولیس اور ضلعی پولیس موجود رہی، روانگی سے قبل مریم نواز نے دونوں رہنماوں سے الوداعی ملاقات کی۔

واضح رہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو حکومت پنجاب نے بیگم شمیم اختر کے انتقال کے بعد 27 نومبر کو 5 روزہ پیرول پر رہا کیا تھا، تاہم گذشتہ روز دونوں رہنماوں کے پیرول کی مدت میں ایک دن کی توسیع کی گئی تھی۔