Official Web

سب سے پہلے گلگت بلتستان کی صوبائی حیثیت پر کام کریں گے: وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہےکہ ہم سب سے پہلے گلگت بلتستان کی صوبائی حیثیت پر کام کریں گے اور یہاں کی حکومت نئے اسٹینڈرڈ قائم کرے گی۔

گلگت بلتستان کی نو منتخب کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نےکہا کہ گلگت میں ایسی حکومت آئےگی جو نئے اسٹینڈرڈ قائم کرے گی، آپ کا علاقہ جانتا ہوں اور مسائل سے آگاہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے گلگت بلتستان کی صوبائی حیثیت پر کام کریں گے، احساس پروگرام گلگت بلتستان لے کر آرہے ہیں، یہاں کے لوگوں کے لیے ہیلتھ انشورنس لے کر آرہے ہیں جس سے 10 لاکھ روپے تک لوگ کسی بھی اسپتال میں فری علاج کراسکیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ گلگت بلتستان کی ٹورازم پر پوری توجہ دی جائے گی، بدقسمتی سےکورونا کی وجہ سے زیادہ سیاح نہیں آسکے، لوگوں کو اپنے گھروں کےساتھ گیسٹ روم بنانے کے لیے سستےقرضے دیں گے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ اسکردو میں 250 بیڈ کے اسپتال پر کام جاری ہے جو مکمل کیا جائے گا، گلگت بلتستان کے لیے 300 میگاواٹ بجلی پیداوار کے منصوبے بنا رہے ہیں جب کہ ہائیڈرو الیکٹرک پاور کے ساتھ اسپیشل اکنامک زون بنایا جائے گا، یہ علاقہ سی پیک کے راستے میں ہے، اس لیے یہاں پہلااسپیشل اکنامک زون بنائیں گے۔

وزیراعظم نے سابق صدر اور سابق وزیراعظم کو ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ لیڈرمیں دو خصوصیت صادق اور امین ہونا بہت ضروری ہے، حرام کا پیسااللہ کی لعنت ہے، نواز شریف اور زرداری کو 30 سال سے جانتا ہوں،  اللہ کا ان پر عذاب نازل ہوتے دیکھا ہے، یہ جھوٹ بول کر کبھی لندن اورکبھی دبئی جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا سے لوگ مرررہے ہیں اور اپوزیشن جلسے کررہی ہے، چوری بچانے کے لیے جلسے کررہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ذہنی دباؤ انسان کو سب سے زیادہ نقصان پہنچاتا ہے، ذہنی دباؤ دیکھنا ہے تو کل اسحاق ڈار کی شکل دیکھ لیتے، اسحاق ڈار جھوٹ پر جھوٹ بول رہے تھے اور  سب دیکھ رہے تھے۔