Official Web

کابل ہوٹل حملہ: ہلاک ہونے والوں میں ٹرمپ مہم کے مشیر کے ترجمان بھی شامل

واشنگٹن: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں رواں ہفتے ہوٹل پر حملے میں ہلاک ہونے والوں میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مہم کے مشیر کے ترجمان گلین سلیگ بھی شامل تھے۔

امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ترجمان ہیدر نورٹ نے اپنے بیان میں تصدیق کی کہ 20 جنوری کو کابل میں ہوٹل پر ہونے والے حملے میں 4 امریکی ہلاک اور 2 زخمی ہوئے تھے، ہلاک ہونے والوں میں گلین سلیگ بھی شامل ہیں جو ٹرمپ کی انتخابی مہم کے مشیر رک گیٹس کے ترجمان تھے۔

گلین کی کمپنی سلیگ ملٹی میڈیا کے ترجمان کے مطابق ‘وہ افغانستان میں دہشت گردی کے خلاف کامیابی کو اجاگر کرنے اور افغان خواتین کے جمہوری کردار کے حوالے سے کام کررہے تھے’۔

ترجمان نے اپنے بیان میں مزید کہا، ‘گلین ایک قابل پروفیشنل، ایک محب وطن دوست اور کمیونٹی کے ستون تھے، لیکن سب سے اہم یہ کہ وہ ایک محبت کرنے والے شوہر اور والد تھے’۔

یاد رہے کہ رواں ہفتے 20 جنوری کو  افغان دارالحکومت کابل میں واقع انٹرکانٹینینٹل ہوٹل پر افغان طالبان کے حملے کے نتیجے میں 11 غیر ملکیوں سمیت 22 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

افغان حکام نے بتایا تھا کہ حملے کے وقت ہوٹل میں 100 سے زائد آئی ٹی مینیجرز اور انجیئنرز موجود تھے اور وہاں انفارمیشن ٹیکنالوجی کانفرنس کا انعقاد ہونا تھا۔

%d bloggers like this: