Official Web

پاکستان اور چین ہر مشکل میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں: آرمی چیف

راولپنڈی:  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان کے دورے پر آئے چینی وزیر دفاع وائی فنگ نے ملاقات کی ہے۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی سمیت اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف اور چینی وزیر دفاع وائی فنگ کے درمیان ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی۔ معزز مہمان نے علاقائی امن اور استحکام کے قیام میں پاک فوج کے پرخلوص کردار کو سراہا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے علاقائی اور بین الاقوامی ایشوز پر پاکستان کی غیر متزلزل سپورٹ کرنے پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج چین کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہے۔ ہم ہر مشکل میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مستقبل کے چیلنجز کے باوجود ہمارے تعلقات میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔

ترجمان پاک فوج کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چینی وزیر دفاع وائی فنگ کی جی ایچ کیو آمد پر انھیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ چینی وزیر دفاع نے یادگار شہدا پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بعد ازاں پاکستان اور چین کی افواج کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے کیلئے ایم او یو پر دستخط کیے گئے۔