Official Web

فرحان سے طلاق کی خبروں پر عروہ کے والد نے خاموشی توڑ دی

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ عروہ حسین کے والد نے اپنی بیٹی کی طلاق کی خبروں کو من گھڑت اور جھوٹا قرار دے دیا۔

گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر متعدد شوبز سائٹس کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ اداکارہ عروہ حسین اور گلوکار فرحان سعید کے درمیان علیحدگی ہو گئی ہے۔

سوشل میڈیا پر یہ خبر آگ کی طرح پھیل گئی اور ان کے مداحوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا گیا۔

اب اداکارہ عروہ حسین کے والد نے ان افواہوں پر خاموشی توڑ دی اور انہوں نے اپنی بیٹی کے متعدد فین پیچز  پر کمنٹس کیے اور بتایا کہ یہ سب جھوٹ ہے۔

عروہ حسین کے والد نے کمنٹ میں کہا کہ یہ تمام تر افواہیں من گھڑت ہیں اور ان کی بیٹی اور داماد  خوشگوار  زندگی گزار رہے ہیں۔

خیال رہے کہ اس تمام تر معاملے پر اداکارہ عروہ حسین اور گلوکار فرحان سعید کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

عروہ حسین کی بہن ماورا حسین نے بھی بہن کی طلاق کے حوالے سے خبروں پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔