Official Web

شاہد آفریدی لنکا پریمیئر لیگ کی ٹیم ’گال گلیڈی ایٹرز‘ کے کپتان بن گئے

کولمبو: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر شاہد آفریدی لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) کی فرنچائز ’گال گلیڈی ایٹرز‘ کے کپتان مقرر ہو گئے ہیں۔

گال گلیڈی ایٹرز ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 27 نومبر کو جافنا سٹالینز کے خلاف کھیلی گی۔ گال گلیڈی ایٹرز نے سرفراز احمد کی جگہ پاکستان کے نوجوان بلے باز احسن علی کی خدمات حاصل کر لی ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے چڈوِک والٹن کو جنوبی افریقہ کے کولِن انگرام کی جگہ شامل کیا گیا ہے۔ کولِن انگرام آسٹریلیا کی لیگ ’بِگ بیش‘ کھیلنے چلے گئے ہیں۔

گال گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے شاہد آفریدی کے کپتان بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک عالمی سپر سٹار اور عظیم لیڈر ہیں، اس لیے وہ لنکا پریمیئر لیگ میں گال گلیڈی ایٹرز کی کپتانی کے لیے بہترین انتخاب ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ شاہد آفریدی کے تجربے کا تمام غیر ملکی اور مقامی سری لنکن کھلاڑیوں کو بہت فائدہ ہوگا۔

شاہد آفریدی کے اعدادوشمار پر نظر ڈالی جائے تو انہوں نے 99 ٹی ٹونٹی میچز میں 1416 رنز بنائے اور ان کا سب سے زیادہ سکور 54 ناٹ آؤٹ ہے۔ ٹی ٹونٹی میں انہوں نے 98 کھلاڑیوں کو آؤٹ بھی کیا۔ اسی طرح سابق کپتان نے 27 ٹیسٹ میچز کھیل کر 1716 رنز بنائے۔

لنکا پریمیئر لیگ 26 نومبر سے 16 دسمبر تک ہیمبنٹوٹا، سری لنکا میں کھیلی جائے گی۔ گال گلیڈی ایٹرز کی نائب کپتانی کیلئے سری لنکا کے کھلاڑی بھنوکا راجا پاکسے کو مقرر کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل سابق پاکستانی کپتان سرفراز احمد کو گال گلیڈی ایٹرز کی کپتانی کی ذمہ داریاں دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا، تاہم سرفراز احمد نے نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کرکٹ ٹیم کی سیریز کی وجہ سے لنکا پریمیئر لیگ سے اپنا نام واپس لے لیا تھا۔