Official Web

عوام احتجاج کررہے ہیں تحریک انصاف منہ دکھانے کے قابل نہیں رہی، بلاول بھٹو زرداری

اسکردو: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پورے پاکستان کے عوام حکومت کےخلاف احتجاج کررہے ہیں اور تحریک انصاف منہ دکھانے کے قابل نہیں رہی۔

اسکردو میں جلسے سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ذوالفقار بھٹو نے گلگت بلتستان کے عوام کو آزاد کروایا، بےنظیر بھٹو نے گلگت بلتستان کے حقوق کی بات کی، آصف زرداری نے گلگت بلتستان کو صوبے کا درجہ دیا، مہدی شاہ نے گلگت بلتستان کے 25 ہزار جوانوں کو روزگار دلوایا لیکن پیپلزپارٹی حکومت کے بعد ان نوجوانوں کا روزگار چھین لیا گیا، اب پیپلزپارٹی کی نئی نسل کی جدوجہد شروع ہوچکی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کو بہادر اور عوامی نمائندہ چاہیے، انہیں ایسا نمائندہ منتخب کرنا ہے جو اسکردو کے مسائل حل کرسکے، پورے پاکستان میں تبدیلی کے نام پر تباہی شروع ہوگئی ہے، گلگت بلتستان کو اس تباہی سے بچائیں گے، گلگت بلتستان کے عوام دھوکہ نہیں کھا سکتے، عوام کسی کٹھ پتلی کا ساتھ نہیں دیں گے، کسی سلیکٹڈ کا ساتھ نہیں دیں گے، پورے پاکستان کے عوام حکومت کےخلاف احتجاج کررہےہیں، تحریک انصاف منہ دکھانے کے قابل نہیں رہی ۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ میں مفت علاج کے لئے اسپتالوں کا جال بچھادیا ہے، گلگت بلتستان میں بھی دل کے مفت علاج کے لئے اسپتال بنانا چاہتے ہیں، ہم نے تھر جیسے ریگستان میں پاورپلانٹ کھڑا کیا، گلگت بلتستان میں بجلی بنانےکا منصوبہ لگا کر دکھائیں گے، گلگت بلتستان کے عوام کو میرا ساتھ دینا ہے، 15نومبر کو گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ جیت کا جشن مناوَں گا۔ اسلام آباد کو پیغام بھجوانا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام بھٹو کے ساتھ ہے، ووٹ چوری کرنے کی کوشش کی گئی توعوام کے ساتھ اسلام آباد جائیں گے۔