Official Web

پنجاب حکومت اور (ن) لیگی رہنماؤں نے اورنج لائن میٹرو منصوبے کے الگ الگ افتتاح کردیئے

لاہور: مسلم لیگ (ن) لیگ اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اورنج لائن میٹرو منصوبے کے الگ الگ افتتاح کئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے اورنج لائن میٹروٹرین کا افتتاح کر دیا، افتتاحی تقریب میں شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی، اور افتتاح کے بعد اورنج لائن ٹرین نے اپنا پہلا سفر بھی مکمل کیا۔ ٹرین صبح ساڑھے 7 بجے سے شام ساڑھے 8 بجے تک چلے گی، 27 کلومیٹر ٹریک پر 26 اسٹیشنز بنائے گئے ہیں، جو ڈیرہ گجراں سے شروع ہوکر علی ٹاؤن پر ختم ہوں گے، ٹرین کا کرایہ 40 روپے مقرر کیا گیا ہے، 24 ایلی ویٹیڈ  اور 2 انڈر گراؤنڈ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کے افتتاح کے موقع پر حکومت پنجاب اور عوام کی جانب سے چین کا شکریہ ادا کرتا ہوں، پاکستان اور چین کے تعلقات کی تاریخ 6 دہائیاں پرانی ہے، عالمی منظرنامے میں کئی تبدیلیاں آئیں لیکن پاکستان اور چین کے تعلقات دن بدن مضبوط ہوتے گئے، پاک چین دوستی سمندر سے زیادہ گہری، شہد سے زیادہ میٹھی اور فولاد سے زیادہ مضبوط ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کی دوستی کا کلائمیکس چین پاکستان اقتصادی راہداری یعنی سی پیک کا منصوبہ ہے، سی پیک سے ترقی و خوشحالی کے نئے باب شروع ہورہے ہیں، دونوں ملکوں میں باہمی دوستی کا رشتہ مزید گہرا اور مزید مضبوط ہوا ہے، سی پیک کے تحت لاہور میں آج اورنج لائن میٹرو ٹرین کا افتتاح کیا ہے، اورنج لائن میٹروٹرین کاماس ٹرانزٹ منصوبہ شہریوں کو عالمی معیار کی سفری سہولتیں فراہم کرے گا، یہ منصوبہ گرین جی ڈی پی کا محرک ثابت ہو گااور اس سے اربن ڈویلپمنٹ میں استحکام مزید بڑھے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے سابقہ دور کے منصوبوں کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچا کر ایک نئی سیاسی روایت قائم کی ہے، ماضی کی روایات کے برعکس کسی منصوبے کو سیاسی تعصب کا شکار نہیں ہونے دیا، وزیر آباد کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ اور پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کے منصوبے اس کی مثال ہیں، سیاسی تعصب سے بالاتر ہو کرسابقہ حکمرانوں کے چھوڑے ہوئے 1115 ارب روپے کے ادھورے پراجیکٹس پر بھی کام کررہے ہیں، اورنج لائن میٹرو ٹرین پراجیکٹ کو کامیابی سے چلانے کیلئے آپریشنل اینڈ مینٹیننس کی ٹینڈرنگ میں شفافیت یقینی بنائی گئی، ٹینڈرنگ کے عمل میں قوم کے اربوں روپے بچائے ہیں۔

اس  سے قبل  لاہور کے اورنج لائن ٹرین کا پہلا افتتاح مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے کیا، لیگی رہنما و کارکنان انارکلی اسٹیشن پہنچے، اور انہوں نے شہباز شریف کی تصاویر بھی اٹھا رکھی تھیں۔ اس موقع پر خواجہ سعد رفیق نے اورنج لائن ٹرین کا عوامی افتتاح ربن کاٹ کر کیا۔

کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق کہنا تھا کہ آج پنجاب کا خادم اعلیٰ شہبازشریف پابند سلاسل ہے، ان کا قصور یہ ہے کہ انہوں نے پنجاب کی حالت بدل دی، عام آدمی کی زندگی میں تبدیلی لے کر آئے، اپنے بھائی کا ساتھ دینا شہبازشریف اور حمزہ شہباز کا جرم بن گیا ہے، آج اورنج لائن ٹرین منصوبے کے بانی جیل میں ہیں۔

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عام آدمی کے حقوق مانگنے پر ہمیں جیلوں میں ڈالا جاتا ہے، ہمارے رہنماؤں پر جھوٹے مقدمے بنائے جاتے ہیں، لاڈلوں کے لئے ایک قانون، اور (ن) لیگ کے لئے دوسرا قانون ہے،  احتساب کا پھنڈا (ن) لیگ کے گلے کے گرد کستے ہیں، اورنج لائن ٹرین کی تاخیر سے قومی خزانے کو اربوں کا ٹیکہ لگا، پاکستان کو نقصان پہنچانے والوں سے کون حساب لے گا؟، ہم غلط نہیں کہتے کہ آپ سلیکٹڈ تھے اور ہیں، اور اسی حالت میں تشریف لے جائیں گے۔

(ن) لیگ کے رہنما ایاز صادق کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات عوام کے سامنے ہیں، چینی،آٹا، بجلی اور گیس چوروں کا وقت پورا ہوگیا، اب عوام کی برداشت سے باہر ہوگیا ہے، عوام کو جلد اس حکومت سے نجات ملے گی، پی ٹی آئی کے عدالتی حملے ناکام ہوئے، حکومت کے خلاف تمام سیاسی جماعتیں ایک ہوگئی ہیں، عمران خان کی حکومت کا وقت پورا ہونے والا ہے وہ تیاری کرلیں، 13 دسمبر کو لاہور میں پی ڈی ایم کا تاریخی جلسہ ہوگا۔

لیگی رہنما عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ اس پروجیکٹ پر پی ٹی آئی نے سٹے آڈر لیا جان بوجھ کر تاخیر کی گئی، پی ٹی آئی چاہتی تھی کہ شہباز شریف اس کا افتتاح نہ کر سکیں، لیکن عمران خان کی تمام سازشوں کے باوجود ہم اس کا افتتاح کریں گے، شہباز شریف کٹ مریں گے لیکن لیکن اپنے بھائی کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔

%d bloggers like this: