Official Web

کوئٹہ میں پی ڈی ایم کے جلسہ کی تیاریاں مکمل، سیکیورٹی انتہائی سخت

کوئٹہ: اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کا تیسرا جلسہ آج ہورہا ہے تاہم سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر جلسہ گاہ سمیت شہر بھر میں انتہائی سخت سیکیورٹی  انتظامات کئے گئے ہیں۔

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا آج تیسرا جلسہ کوئٹہ میں ہورہا ہے جس کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ جلسے سے خطاب کے لیے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز، جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر قائدین کوئٹہ پہنچ چکے ہیں تاہم پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی شرکت مشکوک ہے جو گلگت بلتستان کے انتخابات کے لیے وہاں موجود ہیں۔

کوئٹہ میں دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر صوبائی حکومت اور مقامی انتظامیہ نے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے ہیں، سیکیورٹی کے لیے پولیس اور ایف سی کے 4 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہے جب کہ شہر بھر میں موبائل فون سروس بھی ہے۔ اس کے علاوہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں طبی امداد کی بروقت فراہمی کے لیے سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پی ڈی ایم اپنا پہلا جلسہ گوجرانوالہ جب کہ دوسرا جلسہ کراچی میں کر چکی ہے۔