Official Web

ملک میں قانون توڑنے والوں کے خلاف کھڑے ہیں: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ

سکھر: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں قانون توڑنے والوں کے خلاف کھڑے ہیں، ملک کو جب بھی ضرورت پڑی وکلا آگے آئے، پیپلزپارٹی نے ملک کو آئین دیا، وفاقی حکومت جزائر سے متعلق آرڈیننس فوری واپس لے۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ہائی کورٹ بار سکھر سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم تو نیب میں پیش ہو رہے ہیں، ہم پہلے کبھی ڈرے نہ اب ڈریں گے، آپ کس کو ڈرا رہے ہیں، ڈر اصل میں انہیں ہے، احتساب سے ہم کبھی نہیں گھبرائے، بطور وزیراعلیٰ سندھ اسمبلی اور عوام کے سامنے جوابدہ ہوں، احتساب بلا امتیاز سب کا ہونا چاہیے یا نہیں ہونا چاہیے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کیس بعد میں بنایا جاتا ہے گرفتار پہلے کرلیا جاتا ہے، ایک سال سے زائد ہوگیا خورشید شاہ گرفتار ہیں لیکن ابھی کیس نہیں بنا۔ انہوں نے کہا ہر چیز کا الزام سندھ حکومت پر دیا جاتا ہے، اگر سب ذمہ داری ہی ہماری ہے تو پھر ہٹو ہم سنبھال لیتے ہیں، وفاق اس وقت 3 صوبے اسلام آباد سے کنٹرول کر رہی ہے، وفاق نے وزرائے اعلیٰ کو اجلاس میں بلانا ہی چھوڑ دیا ہے، وفاق صوبوں کو بیوروکریسی کے ذریعے صوبوں کو کنٹرول کرنا چاہتا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا اس جماعت سے تعلق ہے جس کے بانی نے ملک کو آئین دیا،12 ناٹیکل مائل سمندر کے اندر اور باہر ملنے والے ذخائر صوبے کے ہیں، 12 ناٹیکل مائل تک سمندر کے نیچے ذخائر بھی صوبے کے ہیں۔